(24 نیوز)لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملوں میں شہید ہونے والے 3 اہلکاروں کی نماز جنازہ اداکرکے انہیں سپرد خاک کردیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کے3 حملے پسپا کرکے بہادری سے لڑتے ہوئے جانیں قربان کرنے والے شہداء کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کر کے پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لکی مروت میں دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔نوشہرہ کے 40 سالہ نائب صوبیدار تاج میر، ایبٹ آباد کے 38 سالہ حوالدار ذاکر احمد اور ڈی آئی خان کے 29 سالہ سپاہی عابد حسین کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں حاضر سروس و ریٹائرڈ فوجی و سول افسران، عزیز و اقارب سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نماز جنازہ کے بعد شہداء کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔