(24 نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وہ الیکشن پر حکومت کے ساتھ ڈائیلاگ کیلئے تیار ہیں، اگر آپ نے 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں نہ توڑیں تو پھر ہم دو صوبوں میں الیکشن کرائیں گے، بجٹ کے بعد اسمبلیاں تحلیل کرنا ہمیں قبول نہیں۔
عمران خان نے تصدیق کی کہ منگل کو ان کی ٹیم حکومت سے مذاکرات کیلئے جائے گی۔ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آپ 14 مئی تک اسمبلیاں تحلیل کرتے ہیں تو ہم ایک تاریخ کو ملک بھر میں الیکشن کیلئے تیار ہیں، اگر آپ نے 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں نہ توڑیں تو پھر ہم دو صوبوں میں الیکشن کرائیں گے، بجٹ کے بعد اسمبلیاں تحلیل کرنا ہمیں قبول نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کی امید چلی گئی تو پاکستان کا حال سری لنکا سے بدتر ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ ایک دن ملک بھر میں الیکشن کے معاملے پر حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے دو ادوار ہوچکے ہیں، گزشتہ روز مذاکرات کے دوسرے دور کے بعد حکومت اور پی ٹی آئی نے بات چیت میں پیش رفت کی امید ظاہر کی تھی اور منگل کو اگلی بیٹھک کا اعلان کیا تھا تاہم پرویز الہیٰ کے گھر پر چھاپے کے بعد خدشات پیدا ہوگئے تھے کہ مذاکرات کا عمل معطل ہوجائے۔