شہنشاہ ظرافت منور ظریف کو مداحوں سے بچھڑے48سال بیت گئے

Apr 29, 2024 | 12:48:PM

(24 نیوز)شہنشاہ ظرافت کا خطاب پانے والے معروف اداکار منور ظریف کو مداحوں سے بچھڑے 48 برس بیت گئے، فلم بنارسی ٹھگ نے منور ظریف کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔

 پاکستانی فلم انڈسٹری میں کامیڈی ہیرو کی بنیاد رکھنے والے منور ظریف کے مداح آج ان کی 48ویں  برسی منا رہے ہیں، منور ظریف 2 فروری 1940ء کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے، اداکار کو کامیڈی وراثت میں ملی وہ معروف کامیڈین ظریف کے بھائی تھے۔

منور ظریف نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 1961ء میں ریلیز ہونے والی فلم ڈنڈیاں سے کیا، 1973ء میں منور ظریف پہلی بار اردو فلم ’’پردے میں رہنے دو‘‘ میں سائیڈ ہیرو کےطور پر جلوہ گر ہوئے، اسی سال ایک اور فلم ’’رنگیلا اور منور ظریف‘‘ کی کامیابی نے انہیں سپر سٹار بنا دیا۔

’’بنارسی ٹھگ‘‘منور ظریف کے کیریئر کی لازوال فلم ٹھہری، ان کی قابل ذکر فلموں میں جیرابلیڈ، شریف بدمعاش، نوکر ووہٹی دا، رنگیلا عاشق شامل ہیں، 1971ء، 1973ء اور 1975ء میں انہیں عشق دیوانہ، بہارو پھول برساؤ اور زینت میں بہترین اداکاری پر نگار ایوارڈز ملے۔

یہ بھی پڑھیں:محسن نقوی کاپاسپورٹ آفس دورہ،شہریوں نے شکایات کے انبار لگادیئے

نگار ایوارڈز  کی وصولی کے بعد کامیڈی فلموں کا ایک نیا دور شروع ہوا، رنگیلااور منور ظریف کی جوڑی کو فلم کی کامیابی تصور کیا جاتا تھا، شہنشاہ ظرافت نے اپنے کیریئر میں لگ بھگ 350 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، اداکار صرف 36 سال کی عمر میں 29 اپریل 1976 ءکو لاہور میں انتقال کر گئے تھے تاہم وہ اپنے پرستاروں کے دلوں میں آج بھی زندہ  ہیں۔

مزیدخبریں