(24نیوز)مصر کے اسپورٹس کلب میں افسوس ناک واقعہ رونما ہوا جس نے ہزاروں لوگوں کو سوگوار کر دیا ہے،جوڈو کی تربیت کے دوران 12سالہ کھلاڑی جاں بحق ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق جوڈو کی 12 سالہ کھلاڑی تربیت کے دوران اپنی زبان نگلی جانے کے باعث دم توڑ گئی، ہونہار کھلاڑی کی زندگی بچانے کی تمام کوششیں رائیگاں ہو گئیں۔شمالی قاہرہ کے علاقے المنصورہ میں الحوار سپورٹس کلب میں جوڈو کی 12 سالہ کھلاڑی رنا وائل حسین الغندور ٹریننگ سیشن کے دوران زبان نگلنے کی وجہ سے ہلاک ہو گئی۔ موقع پر موجود کھلاڑیوں اور عملے نے انہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا، جہاں ان کی زندگی بچانے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئیں۔
کلب میں موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ ٹریننگ سیشن کے دوران انسٹرکٹر نے رنا کو مقابلے کے لیے بلوایا، مقابلے کے دوران وہ ایک مرحلے پر توازن کھو بیٹھی اور سر کے بل زمین پر گری جس کے بعد وہ زبان نگلی جانے کی وجہ سے بولنے کی صلاحیت کھو بیٹھی۔فوری طور پر قریب ہی واقع نجی ہسپتال کی ایمرجنسی سے عملہ بلوا کر اس کی جان بچانے کی کوششیں شروع کی گئیں اسی دوران رنا دم توڑ گئیں۔
ہونہار نو عمر کھلاڑی کے انتقال پر کلب نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد وہاں ہونے والی تمام کھیلیں اور تفریحی سرگرمیاں منسوخ کر دی گئیں ہیں۔ کلب میں رنا کے اہل خانہ اور رشتہ دار اس کی ناگہانی موت پر پرسہ کے لیے آنے والوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یمن : فوجی اڈے پر حملہ، درجنوں فوجی ہلاک،متعدد زخمی