بھارتی الزامات مسترد۔۔۔پاکستان کسی بھی جارحانہ بھارتی منصوبے کیخلاف اپنا دفاع کرے گا: دفتر خارجہ

Aug 29, 2021 | 20:53:PM

(24نیوز) پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کردیا،ترجمان دفتر خارجہ نے کہاہے کہ پاکستان بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے باوجود خطے میں امن برقرار رکھنا چاہتا ہے،امن کیلئے ہماری خواہش کے باوجود پاکستان کسی بھی جارحانہ بھارتی منصوبے کے خلاف اپنا دفاع کرے گا۔
 ترجمان دفتر خارجہ کاکہناہے کہ بھارتی وزیر دفاع کے پاکستان پر دہشت گردی سے متعلق الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، پاکستان نے بین الاقوامی برادری کے ساتھ بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی اور پاکستان کے خلاف تخریب کاری کے ناقابل ثبوت ثبوت شیئر کئے ہیں،بھارت دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرتا ہے۔
 ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ رواں سال کے دوران بھارت جوہر ٹاؤن لاہور اور داسو میں چینی اور پاکستانی کارکنوں کے خلاف دہشت گرد حملوں میں ملوث رہا ہے،حکمراں بی جے پی اور آر ایس ایس کا ایک واضح مسلم مخالف اور اقلیت مخالف ایجنڈا ہے۔
ترجمان نے کہاکہ بی جے پی حکومت نظریاتی وجوہات اور سیاسی فوائد دونوں کیلئے پاکستان کو جھوٹی پروپیگنڈا مہمات کیلئے نشانہ بناتی ہے، فروری 2019 میں بالاکوٹ میں بھارت کی نام نہاد ” سرجیکل سٹرائیکس “ اور غلط تصورکئے گئے اندازے جھوٹ اور دھوکے کے سوا کچھ ثابت نہیں ہوئے۔
ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے مضبوط انداز میں بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے خطے میں سٹریٹجک توازن بحال کیا، فروری 2021 نے 2003 کے جنگ بندی کے معاہدے کی دوبارہ تصدیق کرتے ہوئے صرف یہ ظاہر کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے۔ 
ترجمان دفتر خارجہ کاکہناتھا کہ پاکستان بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے باوجود خطے میں امن برقرار رکھنا چاہتا ہے،امن کیلئے ہماری خواہش کے باوجود پاکستان کسی بھی جارحانہ بھارتی منصوبے کے خلاف اپنا دفاع کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن جماعتوں نے کرپشن، منی لانڈرنگ اور جعلی اکاﺅنٹس کے علاوہ کچھ نہیں کیا: فرخ حبیب

مزیدخبریں