(ویب ڈیسک) تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیرین مزاری نے کہا ہے کہ رانا ثںا اللہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام میں ملوث ہے اور اب پنجاب حکومت ماڈل ٹاؤن کیس دوبارہ کھول رہی ہے۔
شیریں مزاری نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا بیک گراؤنڈ دیکھیں، یہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام میں ملوث ہے، انہوں نے احکامات جاری کئے تھے۔
شہباز گل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ ڈاکٹر شہباز گل پر جو تشدد کیا گیا، وہ میڈیکل رپورٹس اور ان کے بیانات سے واضح ہوگیا ہے، اگر آپ ایئر مارشل (ر) اصغر خان کے فیصلے میں ایک پیراگراف پڑھیں اور ان کا بیان دیکھیں تو مجھے بتائیں انہوں نے ایسی کیا چیز کہی تھی کہ آپ نے اس پر ظلم و تشدد کیا ہے۔
ایک سوال پر کہ آپ کی جماعت نے شہباز گل کے بیانات کے مذمت کی ہے، اس کے جواب میں شیریں مزاری نے کہا کہ ہم نے کہا ہے کہ اگر اس نے اپنے بیان میں کوئی قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو قانون حرکت میں آئے تاہم جس طرح اس کو اغوا کیا گیا ہے، وارنٹ نہیں دکھایا گیا، گاڑی کے شیشے توڑے، قانونی طریقے سے اس طرح گرفتاری نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ممبئی حملوں کے حوالے سے تو اس حد تک کہا تھا کہ ممبئی میں سب پاکستان نے کرایا ہے، شہباز گل کے ساتھ جو ہو رہا ہے یہ غیر قانونی ہے، یہ تشدد ہے اور اس کی کوئی وجہ نہیں ہے۔