(ویب ڈیسک )عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ بشری اقبال کی طرف سےضیاء اعوان ایڈوکیٹ نے وکالت نامہ جمع کرادیا۔ پوسٹ مارٹم کی درخواست عبدالاحد خان ایڈووکیٹ نے کی ہے۔ انھوں نے عدالت میں موقف پیش کیا کہ میں عام شہری کے طور پر پیش ہوا ہوں اور پوسٹ مارٹم کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کی پچھلی ججمنٹس موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں عامرلیاقت حسین کی پوسٹ مارٹم کی درخواست کے کیس میں سابقہ اہلیہ کے وکیل نے وکالت نامہ جمع کروادیا ہے۔سندھ ہائی کورٹ میں ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔درخواست گزار نے کہا کہ عامر لیاقت کے انتقال پر شکوک پیدا ہوچکے ہیں، پولیس بھی پوسٹ مارٹم چاہتی ہے، سیشن کورٹ نے پوسٹ مارٹم سے متعلق درخواست مسترد کی ہے۔عدالت نے کیس کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت کی سابق اہلیہ پوسٹ مارٹم سے مسلسل انکاری تھیں اور پولیس سرجن سے ضمانت مانگی کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کو ہر حال میں خفیہ رکھا جائے گا۔
پولیس سرجن نے بشریٰ اقبال کو ایم ایل اوز کی جانب سے یقین دہانی کرائی تھی کہ رپورٹ افشا نہیں کی جائے گی لیکن یہ رپورٹ پولیس کو ضرور دی جائے گی اور وہ پولیس حکام کی ضمانت نہیں لے سکتے۔پولیس اور ایم ایل او کی جانب سے ضمانت نہ ملنے پر بشریٰ اقبال نے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کردیا تھا۔