(ویب ڈیسک )بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ نے برہنہ فوٹوشوٹ کیس میں ممبئی پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کروادیا ہے۔
بھارتی نجی میڈیا رپورٹس کے مطابق، رنویر سنگھ صبح 7 بجے کے قریب چیمبر پولیس اسٹیشن پہنچے اور صبح 9 بجے چلے گئے۔ اس حوالے سے ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو تفتیشی افسر اداکار کو دوبارہ طلب کرے گا۔ جولائی 2022ئ میں رنویر سنگھ کے پیپر میگزین کے لیے کروائے گئے شوٹ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔ پولیس تفشیش میں بتایا کہ رنویر سنگھ نے بھاری رقم کے عوض کم عمر بچوں اور سماج پر پڑنے والے منفی اثرات کے لیے فوٹوشوٹ کروایا ہے۔
جس کے بعد رنویر سنگھ پر انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کی دفعہ 292، 294 اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ایکٹ کی 509 اور 67 (اے) کے تحت فحاشی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ اداکار کے خلاف ایف آئی آر چیمبر پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی تھی، جس میں سنگھ کے خلاف جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور خواتین کی توہین کرنے پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
باجی راؤ مستانی، پدماوت اور گلی بوائے جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کے لیے مشہور اور کئی ایوارڈز حاصل کرنے والے رنویر سنگھ نے یہ فوٹو شوٹ ایک بین الاقوامی پیپر کے لیے کیا۔اداکار کی جانب سے کروائے گئے برہنہ فوٹو شوٹ کے بعد 26 جولائی کو بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی کی ایک نان گورنمنٹ آرگنائزیشن (این جی او) نے پولیس کو مقدمہ دائر کرنے کی درخواست جمع کروائی تھی۔