(کومل اسلم،صبا پرویز ) ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم کشمیراور اس سے ملحقہ علاقوں میں چند مقا مات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج دوسرے روز بھی کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فضائی آلودگی کی شرح 87 کے ساتھ لاہور نویں نمبر پر آ گیا۔ سید مراتب علی روڈ 187،جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 82ریکارڈ، یو ایس قونصلیٹ 97 ،مال روڈ پر آلودگی کی شرح 74ریکارڈ کی گئی۔
لاہور کے علاقے انار کلی، موچی گیٹ، بانساں والا بازار، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، قلعہ گجر سنگھ، مال روڈ ، اپر مال، اسلام پورہ، بند روڈ، سمن آباد، چوبرجی، نشتر ٹاؤن، جیل روڈ، تاجپورہ، چوک ناخدا، اقبال ٹاؤن، جوہرٹاؤن میں بھی بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہونے پر شہریوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے ہیں، بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کراچی کا موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا تاہم رات میں ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر تیزہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری ریکارڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 79فیصد ، ہوا 23 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چل رہی ہے۔ دنیا میں آلودہ ترین شہروں میں کراچی 13 ویں نمبر پر آگیا ہے۔
مزید پڑھیں: مہنگائی کا ایک بم تیار،پٹرول قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں چند مقا مات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کےبیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم مانسہرہ اور کرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ صوبہ پنجاب کےبیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم مری ، گلیات، سیالکوٹ اورنارووال میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
ادھر جھنگ، شورکوٹ، ننکانہ صاحب، کروڑ لعل عیسن کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، بارش کے دوران بجلی کا نظام درہم برہم ہونے سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اورکشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔