کرپشن کیس ،پرویزالہٰی کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) مبینہ کرپشن کیس میں لاہور احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے صدر چودھری پرویز الٰہی کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج ساجد علی نے محفوظ فیصؔلہ سناتے ہوئے پرویز الٰہی کو 4 روز کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا ، حکومتی وکیل کی جانب سے دلائل دیئے گئے کہ پرویز الہیٰ پر 23 ارب روپے مالیت کے 226 ٹھیکوں میں کرپشن کا الزام ہے جس کی تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ دیا جائے، عدالت نے حکومتی وکیل کی استدعا پر پہلے فیصلہ محفوظ کیا جسے بعد میں سنا دیا گیا ۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے نیب کے ہاتھوں گرفتاری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا، سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں آئی جی پنجاب، نیب، ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے,درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ نیب نے غیرقانونی طور پر وارنٹ گرفتاری جاری کر کے گرفتاری ڈالی، نیب نے انکوائری کو بھی انویسٹی گیشن میں غیرقانونی طورپراپ گریڈ کیا، نیب نے کال اپ نوٹس دیا نہ ہی اپنا بیان جمع کرانے کیلئے مہلت دی۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ لاہورہائیکورٹ نیب کی جانب سے کی گئی گرفتاری کالعدم قراردے، عدالت کسی بھی خفیہ مقدمےمیں گرفتاری روکنے کا حکم جاری کرے۔