بجلی مہنگی، فنکار بھی برس پڑے

Aug 29, 2023 | 15:49:PM

(ویب ڈیسک) ملک بھر میں بجلی کی اضافی قیمتوں اور دُگنے بلوں کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں وہیں پاکستانی اداکاروں کی جانب سے بھی اس کی شدید مذمت اور برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

اداکارہ زارا نور عباس نے بجلی کے بل کی وجہ سے پریشان ہونے والے ایک شہری کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا بیان میں اپیل کی ہے کہ صاحبِ استطاعت لوگ اپنے ارد گرد کے لوگوں اور ملازمین کی معمول سے زیادہ مدد کریں انہیں تنخواہ کے علاوہ اضافی رقم دیں۔

اداکار سمیع خان نے مذکورہ ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے خدا سے رحم کی دعا کی ہے۔

 اداکار محب مرزا نے طنزیہ انداز میں حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنی انسٹا اسٹوری پر لکھا کہ ’شکر ہے ہم چاند پر نہیں گئے ورنہ راکٹ کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارچز بھی بجلی کے بل میں لگ کر آجاتے‘۔

اداکارہ ماورا حسین کا بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر پیغام میں کہنا تھا کہ لوگ پہلے سے ہی مالی طور پر غربت سے دوچار ہیں اور چھوٹے طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بھی اپنا کام پورا کرنے کے لئے لڑنا پڑتا ہے۔

 ماورا نے ان لوگوں سے جو مالی طور پر محفوظ ہیں ان لوگوں کی مدد کرنے کی درخواست کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’’یہ ہمارے ہم وطنوں کے لئے بہت مشکل وقت ہے۔ آپ سے جتنا ہو سکے ایک دوسرے کی مدد کریں۔ اگر آپ کسی دوسرے شخص کا بجلی کا بل ادا کرنے یا کسی طرح سے حصہ ڈالنے کے متحمل ہوسکتے ہیں، تو براہ کرم ایسا کریں‘‘ 

اداکار  اور  کامیڈین احمد علی بٹ کا مہنگائی کی بڑھتی ہوئی شرح کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک جس بحران میں گھرا ہوا ہے۔   اگر حالات بہتر نہ ہوئے تو پاکستان امن و امان کی خرابی کا مشاہدہ کرے گا کیونکہ لوگوں کو خود کو برقرار رکھنے کے لیے جرائم کرنے پر اُکسایا جائے گا۔ ’’جب بھوک ہڑتال کرے گے، کوئی حب الوطنی، کوئی مذہب، کوئی بندوق، کوئی قانون، کوئی خوف کسی چیز سے فرق نہیں پڑے گا،‘‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ یہ آپ کی سوچ سے جلد واضح ہو جائے گا، ہم انتشار کے دہانے پر ہیں۔"

واضح رہے کہ مہنگائی کی شرح میں اضافے اور بجلی کے اضافی بلز کے خلاف ملک گیر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

مزیدخبریں