صدر مملکت نے ارشد ندیم کو ہلالِ امتیاز سے نواز دیا

Aug 29, 2024 | 18:19:PM

(اویس کیانی) صدرمملکت آصف علی زرداری نے کھیل کے شعبے میں شاندار کارکردگی کے اعتراف میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ہلال امتیاز سے نوازا دیا۔

صدر مملکت نے ارشد ندیم کیلئے اپنی جانب سے 10 کروڑ انعام کا بھی اعلان کیا، بعد ازاں ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ارشد ندیم نے تفصیلی ملاقات بھی کی، صدر مملکت نے ارشد ندیم کی شاندار کامیابی، مسلسل محنت اور لگن کو سراہا، انہوں نے ارشد کی کامیابی میں رہنمائی پر کوچ سلمان اقبال بٹ کی خدمات کو بھی سراہا۔

اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ بنا کر ملک کا سر فخر سے بلند کیا، ارشد ندیم نے ملک کے لاتعداد نوجوان کھلاڑیوں کو بھی متاثر کیا، پاکستان کو دیگر کھیلوں خصوصاً سنگلز کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، کھلاڑیوں کے بچوں کو سکالر شپ دی جانی چاہیے، کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے سندھ حکومت کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے انڈومنٹ فنڈ میں 250 ملین روپے کا حصہ ڈالنے کا کہوں گا۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ ارشد ندیم نے نوجوانوں کو رکاوٹیں عبور کرنے ، عالمی سطح پر کھیلوں کے میدان میں شناخت بنانے کا حوصلہ دیا، امید ہے کہ ارشد ندیم مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔

دوسری جانب ارشد ندیم نے ہلالِ امتیاز ایوارڈ دینے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا، ارشد ندیم نے جیولین تھرو ایونٹ کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے عزم کا اظہار بھی کیا، انہوں نے صدر مملکت کی مہمان نوازی پر پُرجوش ہو کر کہا کہ میڈل جیتنے سے زیادہ آج خوش ہوں، ہلال امتیاز ملنے پر آج بہت خوشی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیاست میں قدم رکھنے سے متعلق علیمہ خان نے دوٹوک اعلان کر دیا

ارشد ندیم نے ایوان صدر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے ایوارڈ لے کر بہت خوشی ہوئی، انہوں نے انعامی رقم کے سوال پر جواب  دیا کہ جنہوں نے مجھے انعام دینے کا اعلان کیا تھا سب نے  ہی دیئے ہیں، پورے پاکستان نے مبارکباد دی، سب کی مبارک باد پر خوشی ہے۔

 ارشد ندیم نے مزید کہا کہ ابھی تک مجھے ملنے والی انعامی رقم پر ٹیکس نہیں لگا، انڈیا کے نیرج چوپڑا کیلئے یہی کہوں کہ وہ محنت جاری رکھیں۔

مزیدخبریں