ماؤنٹ مونگاٹیسٹ:پاکستان فتح سے302 رنز دور، 7 وکٹیں باقی

Dec 29, 2020 | 11:04:AM

(24نیوز)ماؤنٹ مونگانوئی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نےدوسری اننگز 5وکٹ کے نقصان پر 180 رنز پر ڈیکلیئر کرتے ہوئے  پاکستان کو جیت کے لئے 373 رنز کا ہدف دے دیا۔قومی ٹیم  نے چوتھے روز کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 71 رنز بنالئے،شاہینوں کو جیت کیلئے مزید 302 رنز درکار ہیں۔

نیوزی لینڈ کے 431 رنز کے  جواب میں پاکستان  کی ٹیم 239 رنز  پر ڈھیر ہوگئی تھی،جس کے بعد  کیوز کو 192 رنز کی برتری حاصل ہوئی ۔ میزبان ٹیم نے چوتھے روز کھیل کا آغاز کیا اور دوسری اننگز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 180 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈیکلیئر کردی اور پاکستان کو جیت کے لیے 373 رنز کا مشکل ہدف دیا۔ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنر شان مسعود اور عابد علی صفر پر چلتےبنےجبکہ حارث سہیل صرف 9 رنز پرپویلین لوٹ گئے۔

پاکستان نے چوتھے روز کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 71 رنز بنالئے ہیں ۔اظہر علی 34رنز اور فواد عالم 21 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

قومی ٹیم کو میچ کے آخری روز جیت کیلئے مزید 302 رنز درکار ہیں جبکہ ان کے پاس 7 وکٹیں باقی ہیں۔

نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی 300 وکٹیں لینے والے  کیویز کی تاریخ کے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔

 

واضح رہے کہ ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ نے 431 رنز بنائے تھے،کیوی کپتان کین ولیمسن 129 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ بی جے واٹلنگ 73،  راس ٹیلر 70 اور ہینری نکولس 56 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، یاسر شاہ نے 3 جبکہ فہیم اشرف، محمد عباس اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 پہلی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی،ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا ۔ایک موقع پر پاکستان کی 6 وکٹیں 80 رنز پر گرگئی تھیں، شان مسعود 10، اظہر علی 5، حارث سہیل 3، فواد عالم 9 اورعابد علی 25 رنز ہی بناسکے۔تاہم کپتان محمد رضوان اور آل راؤنڈر فہیم اشرف نے ذمہ دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فالو آن سے بچایا۔ دونوں بالترتیب 71 اور 91 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

 
 

مزیدخبریں