31 جنوری کا انتظار نہ کریں،جوکرنا ہے ابھی کریں : شاہ محمود قریشی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو عوام کا اعتماد حاصل ہے وہ پی ڈی ایم کے کہنے پر کیوں مستعفی ہوں گے؟ میں پی ڈی ایم کو آج کہہ ریا ہوں کہ وزیراعظم عمران خان 31 جنوری کو مستعفی نہیں ہوں گے وہ 31 جنوری کا انتظار کیوں کرتے ہیں انہیں جو فیصلہ کرنا ہے ابھی کرلیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پی ڈی ایم تحریک پر ردعمل دیتے ہوئے مزید کہا کہاپوزیشن نے حکومت کو دباؤ میں لانے کیلئے جو بیانیہ تشکیل دیا تھا وہ دم توڑ چکا ہے،ان کے احتجاج اور جلسوں سے یہ حکومت کہیں نہیں جائے گی اور ان کی 31 جنوری کی ڈیڈ لائن کا بھی وہی حال ہو گا جو 31 دسمبر کا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم، کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالنے جا رہی ہے، سوچنے کی بات یہ ہے کہ انہیں اس کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ دراصل اپوزیشن عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مولانا اجمل قادری کا بیان تہلکہ خیز اور وضاحت طلب ہے۔ (ن) لیگ کی قیادت کو بتانا ہوگا کہ مولانا اجمل قادری کس ایجنڈے پر اور کیا پیغام لیکر اسرائیل گئے۔ شاہ محمود نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کے حوالے سے ہمارا موقف واضح اور دو ٹوک ہے ۔وزیر اعظم عمران خان کا بیان، میرا بیان اور وزارت خارجہ کی اسٹیٹمنٹس ریکارڈ پر موجود ہیں، اس پر ہم کل بھی قائم تھے اور آج بھی قائم ہے اور اب تو اسرائیل نے بھی وضاحت کر دی ہے۔
بھارتی دہشتگردی کا پردہ چاک کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ہندوستان، پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کر رہا ہے ۔“ای یو، ڈس انفولیب” نے بھارت کے گھناؤنے عزائم کو مزید بے نقاب کر دیا ہے، میں نے گذشتہ دنوں، ثبوتوں پر مبنی ڈوزئیر کے ذریعے عالمی برادری پر واضح کیا کہ بھارت اپنی اندرونی صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن جیسا ناٹک رچا سکتا ہے جب کہ ہندوستان، دہشت گردوں کی تربیت اور کالعدم تنظیموں کی معاونت کر رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خبر سامنے آ رہی ہے کہ سعودی عرب کا ایک بہت بڑا وفد جلد پاکستان آ رہا ہے جس میں ان کے وزیر خارجہ سمیت اہم شخصیات شامل ہوں گی یہ سب اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ہمارے سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں،سعودی عرب نے نیامے ڈیکلریشن میں کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا۔