سالِ نو کی تقریبات پر پابندی

Dec 29, 2023 | 11:10:AM

(ویب ڈیسک)قوم سے خطاب کرتے ہوئےنگران وزیراعظم نے فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سالِ نو کی تقریبات پر پابندی لگادی۔

انوار الحق کاکڑ نے ویڈیو پیغام میں عوام سے نئے سال کی آمد پر غزہ کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے سادگی کا مظاہرہ کرنے کی  اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قابض اسرائیلی افواج فلسطین میں تباہی مچا رہی ہیں، پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی بالخصوص بچوں کے قتل پر گہرے غم میں مبتلا ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ رواں سال 7 اکتوبر سے اسرائیلی بربریت میں 9 ہزار بچوں سمیت 21 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ اسرائیلی خون ریزی روکنے کے لیے پاکستان نے دنیا کے ہر فورم پر مظلوم فلسطینیوں کے لیے آواز اٹھائی ہے اور ہمیشہ اٹھاتا رہے گا، پاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کے لیے امدادی سامان کی 2 کھیپ بھجوا چکا ہے جبکہ تیسری کھیپ بھی جلد ہی روانہ کی جا رہی ہے، فلسطینی بھائیوں کی بروقت امداد، غزہ سے زخمیوں کے انخلا اور ان کے علاج کے لیے حکومت پاکستان مصر اور اردن کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی انتہائی تشویش ناک صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے اور اپنے مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے حکومت پاکستان کی طرف سے نئے سال کے حوالے سے کسی بھی قسم کی تقریب کے انعقاد پر مکمل پابندی ہوگی۔


 
 
 
 

مزیدخبریں