خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب  آج ہوگا

Feb 29, 2024 | 08:44:AM

(24نیوز)خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج صبح ہوگا۔ نو منتخب اراکین خفیہ رائے شماری کے ذریعے ووٹ کاسٹ کریں گے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس کا آغاز صبح 10 بجے شروع ہوگا، اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی اسمبلی کے اسپیکربابر سلیم سواتی اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے چترال سے جنرل نسشت پر کامیاب ہونے والی خاتون رکن ثریا بی بی کی منظوری دی گئی۔ نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے شیڈول جاری کیا گیا تھا تاہم سنی اتحاد کونسل کی جانب سے بابرسلیم سواتی نے کاغذات جمع کرائے ہیں جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے ثریا بی بی کے کاغذات جمع کرائے جاچکے ہیں۔

اس سے قبل سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو نامزد کرکے انتخاب سے ایک روز قبل نامزدگی واپس لے لی تھی۔ اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر کے لیے پیپلز پارٹی کے احسان اللہ میاں خیل جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے ارباب وسیم حیات کے کاغذات جمع کرائے گئے ہیں تاہم کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔

سنی اتحاد کونسل اور اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں کے کاغذات درست قرار دیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: لاہور: ٹائروں کے گودام میں آتشزدگی، لاکھوں کا سامان خاکستر

دوسری جانب بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرکا انتخاب بھی آج ہی کیا جائے گا۔ آج سہ پہر 3 بجے صوبائی اسمبلی کے نومنتخب اراکین ایوان کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے ووٹ کاسٹ کریں گے۔

بلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے  کاغذات نامزدگی آج دوپہر 12 بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے۔

یاد رہے کہ بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کے 65 اراکین کے ایوان میں سے گزشتہ روز 57 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھایا تھا۔

مزیدخبریں