(اویس کیانی) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم )نے سپیکر ،ڈپٹی سپیکر اور وزیر اعظم کیلئے حمایت کی یقین دہانی کرا دی ۔
تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحادی جماعتوں کے وفد کی جانب سے اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات کی گئی ، وفد میں سردار ایاز صادق، علیم خان، صادق سنجرانی، یوسف رضا گیلانی ،خورشید شاہ ،خالد مگسی شامل، ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ایاز صادق کا کہنا تھا کہ حکومتی اتحادیوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماوں سے ملاقات کی ہے،ایم کیو ایم پاکستان نے سپیکر ،ڈپٹی سپیکر اور وزیراعظم کے ووٹ کے لیے حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے، آگے بھی سب کے ساتھ مل کر چلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے،صدر اور چئیرمین سینیٹ کے ووٹ کے لیے پھر سے ایم کیو ایم کے پاس آئیں گے ۔
سردار ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے ایم کیو ایم کے بلدیاتی آئینی ترمیم سے متعلق مطالبے کو تسلیم کیا ہے,ایم کیو ایم کے مطالبے پر پیپلزپارٹی اور دیگر اتحادی دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر لائحہ عمل بنائیں گے,لوگوں کی بہتری کے لیے سینیٹ اور قومی اسمبلی کا پلیٹ فارم استعمال کریں گے.
ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جمہوریت ایک تسلسل کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے،جمہوریت کے ثمرات عوام تک بھی پہنچنے چاہییں جس کے لیے آئین پاکستان کی مدد لینے کی کوشش کی ہے،آئین پاکستان کے مطابق عوام کے حقوق کے لیے جگہ اور گنجائش ہونی چاہیے،پاکستان مسلم لیگ ن نے ہماری اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ ہم جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دینا چاہتے،جب تک عوام کی شرکت پاکستان کی جمہوریت میں نہیں ہو گی جمہوریت مضبوط نہیں ہو گی،ہم نے وعدہ کیا ہے کہ انشااللہ ووٹ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی امیدواروں سے انتخابی نشان واپس لینےکیخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ