(عامر شہزاد) خیبر پختونخوا کابینہ میں 15وزراء اور 5 مشیروں کی تقرری پر غور کیا جا رہا ہے لیکن حتمی فیصلہ آڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کریں گے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق مجوزہ کابینہ میں کئی وزراءکے قلمدان کا تعین کیا گیا ہے لیکن حتمی منظوری بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان دیں گے، پشاور سے 4 ممبران صوبائی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سابق وزیر خزانہ تیمور جھگڑا، فضل الہی، مینا خان آفریدی،قاسم علی شاہ کی کابینہ میں شمولیت متوقع ہے، مینا خان اعلیٰ تعلیم ،فضل الہی ٹرانسپورٹ اور قاسم علی شاہ کو محکمہ صحت دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایک اور سیاسی جماعت کے سربراہ نے پارلیمانی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا
پی ٹی ائی زرائع کا مزید کہنا ہے کہ نوشہرہ سے خلیق الرحمن اور میاں عمر کا صوبائی کابینہ میں شامل ہونے کا امکان ہے، مشتاق غنی کو وزارت محکمہ بلدیات کا قلمدان دیا جا سکتا ہے، سوات سے ڈاکٹر امجد ایک بار پھر کابینہ میں شامل ہوں گے، کوہاٹ سے نوجوان ایم پی اے شفیع جان یا افتاب عالم کو بھی کابینہ میں شامل کیا جا سکتا ہے جبکہ ہری پور سے اکبر ایوب، مردان سےظاہر شاہ طورو ، بونیر سے ریاض خان مجوزہ کابینہ میں شامل ہو سکتے ہیں اور مالاکنڈ سے شکیل خان،دیر سے شفیع اللہ اور لیاقت علی کابینہ کا حصہ ہوں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع سے انورزیب ،عدنان قادری کو کابینہ میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے لیکن سب کی شمولیت کی حتمی منظوری سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان دیں گے۔