(24نیوز)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے بجلی کنکشن کی سکیورٹی فیس میں اضافے کا فیصلہ کرلیا،نیپرا ذرائع کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا میں درخواست دائر کی ہے جس میں گھریلو صارفین کے لیے بجلی کنکشن کی سکیورٹی فیس 1220روپے سے بڑھا کر 18ہزار روپے کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 10کلو واٹ سے کم لوڈ والے صارفین کو 20ہزار روپے فی کلو واٹ ادائیگی کرنا ہوگی اور سنگل فیز میٹر پر کنکشن کے لیے صارفین کو 24ہزار روپے تک ادائیگی کرنا پڑے گی۔ذرائع کے مطابق دیہی علاقوں میں سکیورٹی فیس 610سے بڑھا کر 7800روپے فی کلو واٹ کرنے کی درخواست کی گئی ہے جب کہ 10مرلہ سے زائد اراضی کے حامل صارفین کو پراپرٹی ریٹ کا ایک فیصد ادا کرنا پڑے گا۔نیپرا ذرائع کا کہنا ہے کہ صنعتی، اسٹریٹ لائٹس اور ہاسنگ سوسائٹیز کے لیے بھی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت کمرشل اور چھوٹی صنعت کی فیس 2010سے بڑھا کر 57000روپے فی کلوواٹ کرنیکی درخواست کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق وزارت پاور ڈویژن نے 3ماہ کے بلوں کے مطابق سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم نیپرا میں سماعت کے بعد سکیورٹی فیس بڑھا کر ڈیمانڈ نوٹسز کا اجرا کیا جائیگا،واضح رہے کہ اس سے قبل جولائی 2023 میں بھی کنکشن فیس بڑھائی جا چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: این اے 97 فیصل آباد؛ ووٹوں کی دوبارہ گنتی مکمل، ابتک کی بڑی خبر آگئی