پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12روپے لٹر تک اضافے کا امکان 

Jan 29, 2021 | 12:44:PM

(24نیوز) عوام ہوجائے تیار۔ حکومت نے ایک بار پھر عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری کرلی۔یکم فروری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لٹر تک اضافے کا امکان ہے۔

حکومت نے نئے سال پر تیسری مرتبہ پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)  نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو بھیج دی ہے جس میں پٹرول 12 روپے اور ڈیزل 10 روپے فی لٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کی سمری 30 روپے فی لٹر لیوی کی بنیاد پر تیار کی، حکومت لیوی میں اضافہ نہ کرکے مجوزہ اضافے کو بہت کم سطح پر بھی لاسکتی ہے یا  لیوی میں معمولی کمی سے پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں کو برقراربھی رکھ سکتی ہے۔اس وقت فی لٹر پٹرول پر لیوی 21 روپے 56 پیسے  اور  فی لٹر ڈیزل پر 23 روپے 9 پیسے ہے۔

واضح رہےکہ حکومت نے یکم جنوری سے  پٹرول کی قیمت میں 2.31 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 1.80 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔اس کے بعد 15 جنوری کو بھی پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 20 پیسے فی لیٹر جب کہ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے پچانوے پیسے فی لیٹر اضافہ کیا  گیا۔

مزیدخبریں