(24نیوز)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان اور بھارت کو ثالثی کی پیش کش کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ دونوں جوہری طاقتیں اپنے مسائل اور خصوصاًکشمیر کے حل کے لیے سنجیدہ مذاکرات کریں۔
تفصیلات کے مطابق انتونیو گوتریس نے پریس کانفرنس کے موقع ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت اور پاکستان کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدگی سے بات چیت کر نی چاہئے اور اس سلسلے میں ثالثی کے لیے میری خدمات حاضر ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اس طرح کی کوئی بھی کوشش نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا کے لیے بڑی تباہی کا باعث ہوگی۔ لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشیدگی کا خاتمہ بہت ضروری ہے ۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں تمام علاقوں میں انسانی حقوق کا احترام کرنا بہت ضرور ی ہے۔اونتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کے حل کے مطالبے کے حوالے سے 8 اگست 2019 کو دیے گئے اپنے بیان پر قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ چیزیں صحیح سمت میں نہیں جارہی ہیں لیکن بطور سربراہ اقوام متحدہ ہماری خدمات ہمیشہ دستیاب ہیں اور ہم اس مسئلے کے پرامن حل کی تلاش پر زور دیں گے جس کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔
پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدگی دکھائیں،ثالثی کو تیار ہیں، اقوام متحدہ
Jan 29, 2021 | 18:24:PM