عظمت سعید نے شریف فیملی کیخلاف مقدمات بنائے، انتہائی متنازع شخصیت ہیں،حسین نواز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)سابق وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز نے جسٹس (ر)عظمت سعید کی بطورچیئرمین براڈشیٹ کمیشن تعیناتی پر اپنے بیان میں کہاہے کہ عظمت سعید نے نیب میں بیٹھ کر سیاستدانوں اور شریف فیملی کے خلاف مقدمات بنائے، وہ انتہائی متنازع شخصیت ہیں، براڈ شیٹ سنگل پرسن کمیشن کی سربراہی کیلئے ان سے زیادہ متنازع شخصیت نہیں ہوسکتی تھی۔
حسین نواز کاکہناتھا کہ براڈ شیٹ کمیشن لوگوں کے سیاہ کرتوتوں پر ” سفیدی“ کرنے کا کام کرے گا،عظمت سعید سابق صدر جنرل مشرف کے آئین شکن اقدامات کو قانونی جواز فراہم کرنے کیلئے نیب کا حصہ بنے، براڈ شیٹ کے ساتھ ہونے والے مجرمانہ معاہدے پر دستخط کرنے والوں میں بھی عظمت سعید شامل تھے۔
سابق وزیراعظم کے صاحبزادے نے کہاکہ واٹس ایپ جے آئی ٹی کے معاملے کے پیچھے بھی عظمت سعید تھے، عظمت سعید نے بھری عدالت میں نواز شریف حکومت کو سسلین مافیا کہا،ان کاکہناتھا کہ وہ نواز شریف کو یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ انھیں اندازہ ہونا چاہئے کہ اڈیالہ جیل میں بہت جگہ ہے،حسین نواز نے عظمت سعید پر ”پری پول رگنگ“ کا حصہ رہنے کا بھی الزام عائد کردیا۔