مہنگائی کی شرح میں اضافہ جاری، مرغی 27 روپے فی کلو مہنگی ہو گئی

Jan 29, 2021 | 20:29:PM

(24 نیوز)ملک میں مسلسل مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، ایک ہفتے میں مہنگائی میں اعشاریہ 52 فیصد مزید اضافہ ہوگیا ،مہنگائی کی شرح بڑھ کر7 اعشاریہ 48 فیصد ہوگئی ۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 18 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوگئیں، مرغی 26 روپے 73 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی،جس سے مرغی کی اوسط قیمت 207 روپے 25 پیسے فی کلو ہوگئی، اس کے علاوہ 200 گرام پیسی ہوئی مرچ کا پیکٹ 28 روپے 79 پیسے مہنگا ہواجبکہ گھی کا ڈھائی کلو کا ڈبہ 24 روپے 82 پیسے مہنگا ہوا، دالیں،لہسن،چاول،گڑ،مٹن کے دام بھی بڑھ گئے۔
ایک ہفتے میں 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ٹماٹر 19 روپے 10 پیسے ،انڈے 12 روپے 67 پیسے فی درجن سستے ہوئے، چینی اوسط ایک روپے 41 پیسے فی کلو سستی ہوئی،جس سے ملک میں چینی کی اوسط قیمت 90 روپے 30 پیسے فی کلو ہوگئی، ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے آلو، ٹماٹر، ایل پی جی اور آٹا بھی سستا ہوا، گذشتہ ہفتے 24 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

مزیدخبریں