(ویب ڈیسک) ضعیف آدمی کی بندر کو روٹی کا ٹکڑا دیتے ہوئےویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ بوڑھے آدمی نے بندر تک کھانا پہنچانے کی خاطر ایک دوسرے آدمی کی مدد لی۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ایک بوڑھا شخص سڑک پر کھڑا تھا تب اس نے ایک بھوکے بندر کو بالکنی پر کھڑے دیکھا جو شاید بھوک سے نڈھال ہو رہا تھا۔ بوڑھے آدمی کے پاس روٹی کا ایک ٹکڑا تھا جس کو اس ضعیف انسان نے بندر کی طرف پھینک دیا جو کہ بندر تک نا پہنچ سکا۔ بوڑھے آدمی نے پھر سے بندر تک روٹی کا ٹکڑا بھینکنے کی کوشش کی جو ایک بار پھر ناکام ہو گئی۔
جب بوڑھا آدمی بھوکے بندر تک روٹی کا ٹکڑا پہنچانے میں ناکام رہا تب اس نے پاس کھڑے ایک اور آدمی کی مدد لی جو کہ اس قابل تھا کہ روٹی کا ٹکڑا بندر کی اونچائی تک پہنچا سکے۔ اس آدمی نے جوں ہی روٹی کا ٹکڑا بندر تک پہنچایا بندر نے لپک کر ٹکڑا اٹھایا اور کھانا شروع کر دیا۔ بندر تشکر بھری نظروں سے اس ضعیف آدمی کی طرف دیکھ رہا تھا کہ اس منفرد اور شفقت سے بھرپور لمحے کو ایک راہ گیر نے کیمرے کی مدد سے ریکارڈ کر لیا۔
اس دلفریب منظر کی ویڈیو شیوم باپت نے ،مہربانی دنیا کو رواں دواں رکھتی ہے، کی کیپشن کے ساتھ انسٹا گرام پر شیئر کیا جس کو صارفین نے خوب سراہا اور ڈھیروں لائیکس بھی ملے۔ بے شک اس طرح کے شفقت بھرے مناظر اس دور میں بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں۔ بزرگ آدمی کا یہ عمل واقع قابل دید ہے۔