پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں بھی تبدیلی کردی گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیویلپمنٹ لیوی میں بھی ردوبدل کی ہے۔
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے، حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیویلپمنٹ لیوی میں ردوبدل کی گئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 35 روپے سے بڑھا کر 40 روپے کر دی گئی ہے، جب کہ پیٹرول پر لیوی بدستور 50 روپے فی لیٹر ہی رہے گی۔
ضرور پڑھیں : پیٹرول کی قیمت میں اضافہ
حکومت کی جانب سے مٹی کے تیل پر لیوی 6.22 روپے سے کم کرکے 32 پیسے فی لیٹر مقرر کی ہے، جب کہ لائٹ ڈیزل پر لیوی 30.45 روپے کے بجائے 27.25 روپے کر دی گئی ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کی خبریں سامنے آئیں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً 11 فیصد تک کا اضافہ ہوا، ہمیں ان سب چیزوں کو سامنے رکھنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر تک اضافے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، پچھلے 4 ماہ میں ایک بار بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کو نہیں بڑھایا گیا بلکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 20 روپے تک کی کمی کی گئی جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 29 اور 30 روپے کی کمی کی گئی۔
ان کا کہنا تھا اوگرا کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کو ختم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کیا جائے۔وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ روپے کی قدر کے اعداد و شمار کو مد نظر رکھتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 18، 18 روپے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔