(ویب ڈیسک)حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے پوپ اور ہارٹلی کی شاندار کارکردگی کے باعث بھارتی سورماؤں کو ہوم گراؤنڈ پر ہی شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
انگلینڈ نے اولی پوپ اور ٹام ہارٹلی کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بھارت کو پہلے ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 28 رنز سے شکست دے دی۔حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پہلی اننگز میں بین اسٹوکس کے سوا انگلش بلے باز بھارتی باؤلنگ کے خلاف کچھ خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 246رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
انگلینڈ کی طرف سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسٹوکس نے 70، جونی بیئراسٹو نے 37 اور بین ڈکٹ نے 35 رنز کی اننگز کھیلی۔بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجا اور روی چندرن ایشون نے باؤلنگ کرتے ہوئے تین، تین جبکہ اکشر پٹیل اور جسپریت بمراہ نے دو، دو وکٹیں لیں۔جواب میں میزبان بھارت کے نوجوان اوپنر یشاوی جیسوال نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 74 گیندوں پر 80 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔
یہ بھی پڑھیں:پوپ اور ہارٹلی کی شاندار کارکردگی، انگلینڈ نے بھارتی سورماؤں کو ہوم گراؤنڈ پر دھول چٹا دی
لوکیش راہول نے 86 اور رویندرا جدیجا نے 87 جبکہ سریکار بھرت اور اکشر پٹیل نے بھی بالترتیب 41 اور 44 رنز کی باریاں کھیلیں جس کی بدولت بھارتی ٹیم نے پہلی اننگز میں 436 رنز بنائے اور 190 رنز کی برتری حاصل کی جبکہ انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ نے 4 جبکہ ٹام ہارٹلی اور ریحان احمد نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔بھارت کی بھاری برتری کو دیکھتے ہوئے میچ میں انگلینڈ کی شکست کے امکانات نظر آنے لگے تھے لیکن اولی پوپ نے شاندار بیٹنگ سے تن تنہا میچ کا نقشہ بدل دیا،26 سالہ بلے باز نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 196 رنز کی اننگز کھیلی لیکن بدقسمتی سے وہ ڈبل سنچری مکمل نہ کر سکے اور بمراہ نے انہیں بولڈ کردیا۔
انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 420 رنز بنائے اور بھارت کو میچ میں فتح کے لیے 231 رنز کا ہدف دیا،ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 42 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن 119 رنز تک پہنچتے پہنچتے میزبان ٹیم 7 وکٹیں گنوا بیٹھی۔اس موقع پر سریکار بھرت کا ساتھ دینے ایشون آئے اور دونوں نے 57 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی جیت کی امید دوبارہ پیدا کردی، لیکن بہترین باؤلنگ کرنے والے ہارٹلی نے ایک مرتبہ پھر کپتان کی امیدوں پر پورا اترے ہوئے محض تین گیندوں کے فرق سے بھرت اور ایشون کو آؤٹ کر کے بھارت کو 9 وکٹوں سے محروم کردیا۔آخری وکٹ کے لیے سراج اور بمراہ نے 25 رنز بنائے لیکن ہارٹلی نے سراج کا کام تمام کر کے اپنی ٹیم کو 28 رنز کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔پہلا میچ کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے اسپنر ہارٹلی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 62 رنز کے عوض 7 وکٹوں سمیت مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں۔196 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے والے اولی پوپ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔