کراچی، دو سیاسی جماعتوں میں تصادم، ایک کارکن جاں بحق ، ایک زخمی

Jan 29, 2024 | 09:05:AM

(شاہزیب حسین)کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 2 میں پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان میں تصادم ہوا ہے جس کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایم کیو ایم کا کارکن جاں بحق، جبکہ پیپلز پارٹی کا کارکن زخمی ہو گیا۔

 تفصیلات کے مطابق رات گئے ناظم آباد 2 نمبر کا علاقہ میدان جنگ بن گیا، دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنان  ناظم آباد میں آمنے سامنے آگئے،علاقے میں جھڑپ کے دوران فائرنگ ہوئی اورگاڑیاں نذر آتش  کی گئی ، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پالیا، جبکہ مشتعل افراد نے دو گاڑیوں اور موٹرسائیکل نذر آتش کر دیں، جبکہ زخمی اور جاں بحق کارکن کو ہسپتال منتقل کیاگیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق شخص فراز ایم کیو ایم کا کارکن ہے جبکہ زخمی راؤ طلحہٰ پیپلز پارٹی کا کارکن ہے,جھگڑا دونوں جماعتوں کی ریلیاں آمنے سامنے آنے پر ہوا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مقتول فراز کو مردہ حالت میں لایا گیا، جس کے سر پر ایک گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

ایم کیوایم رابطہ کمیٹی رکن طحہ صدیقی کی عباسی شہید ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو بتایا کہ ہماری کمپین چل رہی تھی پھر ہم گھر چلے گئے،تھوڑی دیر بعد معلوم ہوا کہ مسلح افراد نے ہوائی فائرنگ کی،فائرنگ کی اطلاع پر پہنچے تو پتہ چلا کہ ہمارے یوسی انچارج کو شہید کردیا گیا،سیاسی جماعت کے کارکنان نے ہمارے دفتر پر مسلح ہوکر حملہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:’ہم نواز شریف کو سپورٹ کرتے ہیں وہ بھی ہمیں سپورٹ کرتے ہیں‘

طحہٰ صدیقی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی دہشت گردی کردی کرکے شہر پر قابض نہیں ہوسکتی،15 سالوں میں پیپلز پارٹی نے ایسا کام نہیں کیا جو منہ دکھانے لائق ہو،پولیس آدھے سے ایک گھنٹے کے دوران پہنچی،ہمارےشہید کارکن کے چھوٹے بچے ہیں اور کرائے کے مکان میں رہتا تھا،پیپلز پارٹی دہشت گردی کے تحت اس شہر میں ہمیشہ قابض رہی ہے۔

مزیدخبریں