ترسیلات زر کا مقررہ ہدف حاصل نہ ہونے کا خدشہ

Jan 29, 2024 | 12:03:PM

(ویب ڈیسک)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے رواں مالی سال کیلئے مقررہ 30 ارب 53 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز ترسیلات زر کا ہدف حاصل نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کردیاہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں آئندہ مالی سال بھی ترسیلات زر تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کےآخری مالی سال کے مقابلے میں کم رہنےکا تخمینہ لگا یا ہے،آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں ترسیلات زر کا تخمینہ 29 ارب 47 کروڑ ڈالرز لگایا ہے اور اگلے مالی سال ترسیلات زر 31 ارب 17 کروڑ ڈالرز پر پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ۔

رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی حکومت کے آخری مالی سال 22-2021 میں ترسیلات زر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح (31 ارب 28 کروڑ ڈالرز) پر پہنچ گئیں تھیں تاہم اتحادی حکومت کے ایک مالی سال میں ترسیلات زرمیں تقریبا 4 ارب ڈالرز کمی ہوئی اور مالی سال 23-2022 میں ترسیلات زر 27 ارب 33کروڑ ڈالرز پر آگئی تھیں، آئی ایم ایف کے تخمینے سے ظاہر ہوتا ہے کہ آئندہ 4 سال کے دوران بھی پاکستان کے ترسیلات زر میں اضافے کی رفتار سست رہےگی۔

آئی ایم ایف نے تخمینہ لگایا ہے کہ اگلے 4 سال میں پاکستان کی ترسیلات زر میں تقریباً 7 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوگا،مالی سال28-2027 تک پاکستان کی ترسیلات زر رواں مالی سال 24-2023 کے 29 ارب 47 کروڑ ڈالرز کے مقابلے میں بڑھ کر 36 ارب 23 کروڑ ڈالرز ہوجائیں گی اس کا مطلب ہے کہ اوسطاً سالانہ ترسیلات زر میں 2 ارب ڈالرز سے بھی کم اضافہ ہوگا۔
 

مزیدخبریں