(امانت گشکوری)بی این پی کے سربراہ سردار اخترمینگل کو عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی، سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے فیصلے کےخلاف اپیل خارج کردی۔
بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔عدالت کا کہنا تھا کہ اعتراض کنندہ یاسر احمد نے سردار اختر مینگل کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل دائر کی، ریٹرننگ افسر نے سردار اختر مینگل کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔
ضرور پڑھیں:پولنگ اسکیم پر تحفظات، ایم کیو ایم پاکستان نے الیکشن کمشنر سندھ کو خط لکھ دیا
الیکشن ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی منظور کیے، لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ انتخابی معاملہ کے حقائق سے متعلق کیسز میں مداخلت سے گریز کرتی ہے، اختر مینگل 8 فروری کے عام انتخابات میں امیدوار ہیں۔
عدالت عظمیٰ نے قرار دیا کہ سپریم کورٹ اختر مینگل کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل مسترد کرتی ہے۔
اس سے قبل عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی اپیلوں پر فیصلہ دیتے ہوئے عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی تھی ۔ان رہنماؤں میں ڈاکٹر یاسمین راشد،صنم جاوید،عمر اسلم و دیگر شامل ہیں ۔