(عثمان خان) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری کے عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق تفصیلات جاری کردیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق بیلٹ پیپرز کی چھپائی تسلی بخش طریقے سے جاری ہے، جو 2 فروری کو مکمل ہوجائے گی۔
ترجمان کے مطابق بیلٹ پیپر کی چھپائی 3 سرکاری پریس اداروں میں جاری ہے جبکہ ان کی ترسیل کا کام چاروں صوبوں میں شروع ہوچکا ہے۔
ترجمان کے مطابق بیلٹ پیپرز کی چھپائی انتخابی نشان کی الاٹمنٹ کے بعد 16 جنوری سے شروع ہوئی اور سیکیورٹی اداروں، آر اوز اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی مدد سے بیلٹ پیپر کی ڈلیوری کی جارہی ہے۔
ترجمان کے مطابق آج سے ایس ایم ایس سروس سے پولنگ اسٹیشن کی معلومات حصول کی سہولت فراہم کردی، ووٹرز کو معلومات کیلئے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر بھیجنا ہوگا۔
ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے اب تک 9 لاکھ 76 ہزار درکار پولنگ عملے میں سے 9 لاکھ 70 ہزار کی تربیت مکمل کرلی۔
ترجمان کے مطابق 96 فیصد عملےکی تربیت مکمل کی گئی ہے، 6 ہزار پولنگ عملے کی تربیت اگلے 4 دنوں میں مکمل ہوجائے گی۔
ای سی پی کے مطابق کراچی میں 2 سیاسی جماعتوں کے درمیان جھنڈا لگانے پر ہونے والے تصادم اور فائرنگ کا نوٹس لے لیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع صوابی میں پوسٹل بیلٹ چھینے جانے کے واقعات کا نوٹس لیا ہے، کمیشن نے متعلقہ چیف سیکرٹری، آئی جیز سے رپورٹس طلب کی ہیں۔