نواز شریف کی 5 سال بعد آبائی حلقے میں آمد، متوالوں کی جانب سے شاندار استقبال

Jan 29, 2024 | 19:19:PM

(راؤ دلشاد)قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی 5 سال بعد اپنے آبائی حلقے میں آمد، متوالوں کی جانب سے شاندار استقبال ، ڈھول کی تاپ پر رقص اور آتش بازی کا مظاہرہ ۔

 تفصیلات کے مطابق نواز شریف پرانی انارکلی  قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 ، صوبائی حلقہ پی پی 173 میں دفتر کا افتتاح کرنے پہنچے جہاں جلسے سے خطاب بھی کیا ، 
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز شریف بھی ان کے ہمراہ  تھیں ، نواز شریف کی آمد پر آتش بازی کی گئی اور گھوڑوں کا رقص کرایاگیا ، امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی پی 173 میاں مرغوب احمد اور امیدوار پی پی 174 بلال یاسین نے قائد نواز شریف کا استقبال کیا ۔ 
نواز شریف کا اپنی تقریر میں کہنا تھا کہ آپ کی محنت اور عشق کا کیسے جواب دوں؟کبھی کبھی سوچتاہوں کہ آپ مجھ سے اتنی محبت کیوں کرتے ہیں؟آپ سے محبت کےرشتے پر  ناز ہے،مجھے فخر ہے کہ آپ سے محبت کا رشتہ ہے،اگر میں نے کچھ نا کیا ہوتا تو آپ میری پرواہ نا کرتےاس طرح کا عشق اور پیار میں شائد کبھی نہیں دیکھتا،دل سے بات نکل رہی ہے کہ آپ پر قربان ہوجاؤں ، الحمدللہ آج میں سرخرو ہوں آپ بھی جانتے ہیں میں بے قصور تھا۔ 
نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ایک ایک جج بھی آج رخصت ہوگیا وہ جج بھی چلا گیا جس نے 8ماہ بعد چیف جسٹس بننا تھا،دال میں ضرور کچھ کالا تھا چور کی داڑھی میں تنکا تھا،میرے کیسز میں وہ مانیٹرنگ جج تھا میں آپ کے سامنے کھڑا ہوں،آپ کے جذبے کو سلام کرتا ہوں اور دل سے کرتاہوں آپ کا ماتھا  چومنا چاہتا ہوں،صرف ایک سوال پوچھنا ہے کہ نواز شریف تھا تو گھروں میں سکون تھا خاندان سکون سے زندگی گزار رہے تھے،روٹی، نان، آٹا، گیس بجلی، اور تیل سستا تھا،کون لے گیا اس زمانے کو  لیکن اب اس زمانے کو واپس لاناہے۔ 

 نواز شریف کا اپنے خطاب میں کہناتھا کہ نوجوانوں کو روز گار دیناہے، آپ کے گھروں اور آپ کے معیار زندگی کو بلند کرنا ہے،سبز پاسپورٹ اور ملک کی خودمختاری کو یقینی بناناہے،آپ کو با عزت روز گار دینا ہے،نواز شریف کی چھٹی نا کرائی ہوتی تو آپ بے روزگار نا ہوتے،اگر ہمیں کام کرنے دیا جاتا تو آپ خوشحال ہوتے،آپ نے میرا ساتھ دینا ہے بلال یاسین، میاں مرغوب کو جتوانا ہے،اس قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے،پاکستانی قوم ایک عظیم قوم بنے گی اب مزید کھونے کو کچھ نہیں ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں :  گلوکارہ آئمہ بیگ تھانہ مستی گیٹ دیکھنے پہنچ گئیں

مزیدخبریں