بارش اور برفباری، محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کر دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(روزینہ علی) محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان ، بالائی خیبر پختونخوا ، کشمیراور ملحقہ پہاڑی علا قوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور بالائی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا، تاہم گلگت بلتستان ، بالائی خیبر پختونخوا ، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علا قوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض میدانی علا قوں میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائی رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق (صبح) منگل کے روز اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ شام اور رات میں بارش کا امکان ہے۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد اورمطلع ابر آلود رہے گا، تاہم چترال، دیر، سوات، کوہستان ، شانگلہ، بونیر،ما لا کنڈ ، ایبٹ آباد،بالاکوٹ ، مانسہرہ،ہری پور، صوابی، پشاور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، باجوڑ، خیبر، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گلوکارہ آئمہ بیگ تھانے پہنچ گئیں، آخر وجہ کیا بنی؟
صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ مری اورگلیات میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، تاہم شام اور رات کے اوقات میں اٹک، راولپنڈی، جہلم ، چکوال، گجرات ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ناروال اورلاہور میں بارش کی توقع ہے، علاوہ ازیں بہا ولپور، شیخوپورہ، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، لاہور، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال، ملتان، خان پور، رحیم یار خان، ڈیرہ غا زی خان اور گر دو نواح میں صبح کے اوقات میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائے رہنے کی امید ہے۔
صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔ صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ جیکب آباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ اور دادو میں ہلکی دھند اور سموگ چھائےرہنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اورمطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا انتباہ:
محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ 30 اور 31 جنوری کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے، لہٰذا سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔