کراچی، سپر ہائی وے پر دو مختلف ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق، 5 زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)کراچی سپر ہائی وے موٹر وے پر دو مختلف ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پہلا حادثہ تین ٹرالروں اور دوسراحادثہ دو کاروں کے درمیان ٹکرانے سے ہوا ، ریسیکو ادارے ایدھی کے حکام کا کہنا ہے کہ ایم نائن موٹر وے کے مختلف مقامات پرفضا میں نمی زیادہ ہونے کے باعث اوس پڑرہی ہے جس کی وجہ سے شاہراہ کے مختلف حصوں پر پھسلن ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پھسلن کی وجہ سے گاڑیاں ٹکرائیں اور یہ دونوں حادثات رونما ہوئے ، امدادی سرگرمیوں کے بعد جاں بحق اور زخمی افراد کو نجی ہسپتال ٹول پلازہ منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔
یہ تمام گاڑیاں حیدرآباد سے کراچی آرہی تھیں، حادثات کی وجہ سے ایم نائن پر ان مقامات پر ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا۔
امدادی کام مکمل ہونے کے بعد ایم نائن پر ٹریفک مکمل طور پر بحال ہوگیا، ایدھی حکام نے پہلا حادثہ کے حوالے سے بتایا کہ ایم نائن موٹر وے پر گڈاپ سٹی تھانے کی حدود سپر ہائی وے حیدرآباد سے کراچی آتے ہوئے ایک نجی ہاوسنگ سوسائٹی کے قریب تین ٹرالروں کے درمیان تصادم ہوگیا۔
حادثے میں ایک شخص ٹرک میں پھنس کر جاں بحق تین افراد زخمی ہوگئے، امدادی سرگرمیوں کے بعد ہلاک و زخمیوں کو ایمبولینسز کے ذریعے نجی اسپتال ٹول پلازہ منتقل کیا گیا۔جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی گئی ۔
یہ بھی پڑھیں : چیمپئنزٹرافی کے شاندار انعقاد کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں، محسن نقوی
ایدھی حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 40 سالہ لیاقت سے ہوئی ، زخمیوں میں 40 سالہ اسد ،36 سالہ ریاض اور 24 سالہ انیس شامل ہیں۔
ایدھی حکام نے دوسرے حادثہ کے حوالے سے بتایا کہ ایم نائن موٹر وے سپر ہائی وے حیدرآباد سے کراچی آتے ہوئے جوکھیوں موڑ کے قریب دو کاروں میں تصادم ہوگیا ۔
حادثے میں دو افراد زخمی ہوگئے، ایدھی حکام کے مطابق حادثہ میں دونوں زخمی افراد کوایمبولینسز کے ذریعے طبی امداد کے لیے نجی اسپتال ٹول پلازہ منتقل کیا گیا۔حادثہ میں زخمی ہونے والے دونوں افراد کی شناخت 26 سالہ نصر اللہ اور 28 سالہ مختیار سے ہوئی ، پولیس ان حادثات کے حوالے سے تحقیقات کررہی ہے۔