پیگاسس جاسوسی سکینڈل،بھارت کی14اپوزیشن جماعتوں نے سپریم کورٹ کی نگرانی میں انکوائری کا مطالبہ کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی 14اپوزیشن جماعتوں نے پیگاسس جاسوسی سکینڈل پر بحث سے بچنے کی مودی حکومت کی کوششوں کے خلاف نہ صرف اپنے تیور سخت کرلئے ہیں بلکہ کانگریس کی قیادت میں متحد ہوکر اس عزم کااظہار بھی کیا کہ اسے مودی یا امیت شاہ کی موجودگی میں اس موضوع پر پارلیمنٹ میں بحث اور سپریم کورٹ کی نگرانی میں انکوائری سے کم کچھ بھی منظور نہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے اپوزیشن کی 14 پارٹیوں کی قیادت کرتے ہوئے حکومت کے اس الزام کو مسترد کردیا کہ اپوزیشن پارلیمنٹ کی کارروائی نہیں چلنے دے رہا۔ انہوں نے کہا کہ پیگاسس کے خلاف آواز بلند کرکے حزب اختلاف اپنی ذمہ داری نبھارہاہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ مودی اور امیت شاہ ہندوستان اور اس کے اداروں کے خلاف پیگاسس کا استعمال کر کے پوری دنیا میں ملک کی شبیہ کو خراب کررہے ہیں۔ اسے ملک مخالف حرکت قرار دیتے ہوئے راہل گاندھی نے تمام اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور کہا کہ اپوزیشن صرف یہ جاننا چاہتی ہے کہ حکومت نے پیگاسس خریدا یا نہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہاں یا نہ میں جواب کا مطالبہ کرتے ہیں۔ راہل گاندھی نے سوال کیا کہ ’’کیا حکومت نے اپنے ہی لوگوں کے خلاف پیگاسس کا استعمال کیا؟ ‘‘
راہل گاندھی نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ’میں اس ملک کے نوجوانوں سے جاننا چاہتا ہوں کہ نریندر مودی جی نے آپ کے موبائل میں ایک ہتھیار ڈال دیا ہے۔ یہ ہتھیار میرے خلاف، سپریم کورٹ کے خلاف ، کئی لیڈروں ، صحافیوں اور سماجی کارکنان کے خلاف استعمال ہوا ہے۔ تو اس پر پارلیمنٹ میں بحث کیوں نہ ہو؟‘‘ انہوں نے کہا کہ ’ہم صرف یہ پوچھ رہے ہیں کہ کیا حکومت نے پیگاسس خرید کر ہندوستانیوں کی جاسوسی کی ہے؟‘۔ راہل گاندھی نے کہا کہ یہ محض پرائیویسی کا معاملہ نہیں ہے،ہمارے لئے یہ قومیت اور غداری کا معاملہ ہے، یہ ملک مخالف حرکت ہے،مودی اور امیت شاہ نے ہندوستان اوران کے اداروں کے خلاف پیگاسس کا استعمال کرکے ہندوستانی کی جمہوریت کی روح کو تار تار کردیا ہے۔راہل گاندھی نے کہا ہے کہ پیگاسس، مہنگائی اور کسانوں کے موضوع پر ہم کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بیوی کے 72 ٹکڑے کرکے فریزر میں رکھنے والے کی ضمانت کیوں مسترد ہوئی۔۔؟