سراج الحق نے پرامن جمہوری انقلاب کیلئے قوم سے مدد مانگ لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت غربت اور پسماندگی ختم کر نے میں مکمل ناکام ہوگئی ، اسلامیان پاکستان کو متحد ہو کر ظلم اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کا آغاز کرناہوگا ،پرامن جمہوری انقلاب وقت کی ضرورت ہے ۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پشاور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں تعلیم و صحت کے شعبوں اورانفراسٹرکچرکابراحال ہے،فاٹا کے انضمام کے وقت کئے گئے وعدے تاحال پورے نہیں ہوسکے۔ حکومت نے اب تک کاغذوں پر فاٹا کی ترقی کےلئے اربوں روپے کے منصوبوں کا اعلان کیا، عملی اقدامات زیرو ہیں،حکومت بارشوں کے نتیجہ میں ہونے والے عوام کے مالی نقصانات کا ازالہ کرے، وزیراعظم غریبوں کو چھت فراہم کرنے کا وعدہ پورا کریں۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں دو فیصد سے کم طاقتور افراد نے قبضہ کر رکھاہے،چہرے بدل بدل کر وہی لوگ اقتدار کے ایوانوں میں آجاتے ہیں،انتخابات میں جس کے پاس جتنا پیسہ ہو ، اس کی کامیابی کے اتنے ہی زیادہ امکانات ہوتے ہیں ،ایسے فرسودہ نظام سے جان چھڑانے کی ضرورت ہے او ریہ کام صرف اورصرف عوام کی طاقت سے ہوسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دروازے ہر اس شخص کے لئے کھلے ہیں جو پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی خواہش رکھتاہے،جماعت سے وابستہ افراد قرآن وسنت کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔
سراج الحق نے کہاکہ بارشوں سے گلگت بلتستان اور کے پی میں خدانخواستہ مزید نقصان ہوسکتے ہیں،حکومت حالات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرے،ملک میں قدرتی آفات اور دیگر ایمر جنسی صورتحال سے نمٹنے والے اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے،جماعت اسلامی اپنی استعداد کے مطابق عوامی خدمت کے ہر شعبہ میں بھر پور کام کر رہی ہے،جماعت اسلامی آئندہ بھی یہ کام بھر پور طریقے سے جاری رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات نے ایک مرتبہ پھربارشوں کی نوید سنا دی