وزیراعظم شہباز شریف کی نااہلی کا کیس: عدالت سے بڑی خبر آگئی

Jul 29, 2022 | 12:59:PM

 (24 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی نااہلی کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست سماعت کے لئے مقرر کر دی گئی۔ جسٹس شجاعت علی خان یکم اگست پیر کے روز کو درخواست پر سماعت کریں گے۔

تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس اور حسان خان نیازی کی جانب سے درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں وفاقی حکومت، پرنسپل سیکرٹری، وزیراعظم سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ شہباز شریف نے آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت ملک کے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف لیا، شہباز شریف نے بطور وزیراعظم قانون اور دستور کے مطابق ملک چلانے کا حلف لیا۔

یہ بھی پڑھیں:عوام کیلئے بڑی خبر: ملک میں تیل و گیس کی تلاش میں اہم پیشرفت

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ شہباز شریف نے حلف اٹھایا کہ وہ ملکی معاملات چلانے کے لئے ذاتی اور خاندانی معاملات کو اس پر اثرانداز نہیں ہونے دیں گے، شہباز شریف وزیراعظم کے حلف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کابینہ کے ہمراہ لندن میں جاکر اپنے بھائی نواز شریف سے ملے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا کہ وزیراعظم لندن میں سزا یافتہ نواز شریف، بھتیجے سلیمان شہباز اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملے، شہباز شریف اہنے بھتیجے سیلمان شہباز کو لندن سے سرکاری وفد میں شامل کر کے یو اےای اور ترکی لے گئے۔

درخواست میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سزا یافتہ افراد سے ملاقات کر کےآئین کے آرٹیکل 91 کے تحت اپنے حلف کی پاسداری نہیں کی، شہباز شریف نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی بھی خلاف ورزی کی، شہباز شریف کے حلف کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 63 جی کے تجت کاروائی کی جائے، عدالت شہباز شریف کی بطور قومی اسمبلی رکنیت کالعدم قرار دے۔

مزیدخبریں