پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس:ن لیگ بھی میدان میں آ گئی

Jul 29, 2022 | 16:57:PM

(ویب ڈیسک )مسلم لیگ (ن) نے الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کرکے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنانے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کسی بھی غیر ملکی شخص یا کمپنی سے فنڈنگ حاصل کرنا غیرقانونی ہے،  ہمارے ملک کا قانون کسی سیاسی جماعت کوکسی فارن گروپ سے پیسے لینےکی اجازت نہیں دیتا۔انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کی ایک بڑی رقم ملک میں نہیں آئی، اب بھی ملک کے باہر اکاؤنٹس میں موجود ہے، ہم نے آج درخواست کی ہے الیکشن کمیشن سے کہ عوام کو پتا چلے عمران خان کس سے پیسے لیتا رہا، کل فنانشل ٹائمز جیسے ادارے نے کہا کہ عارف نقوی نے لندن میں کرکٹ میچ کروائے، عارف نقوی نے کہا کہ میچ سے حاصل کروڑوں روپے چیریٹی پر خرچ ہوں گے مگر عارف نقوی کی کمپنی سے 55 کروڑ کی رقم پی ٹی آئی اکاؤنٹس میں بھیجی گئی۔

شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جماعت نے امریکی کمپنیوں سے پیسے وصول کیے اور پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے گئے، کیلیفورنیا اور ٹیکساس کی کمپنیوں سے پیسے وصول کرکے غیرجانبدار فیصلے نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر عمران خان کے ہاتھ صاف تھے تو پہلے دن ہی حساب دیتے، آج بھی عمران خان الیکشن کمیشن پر حملہ کر رہا ہے، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں اکبر ایس بابر نے ٹھوس ثبوت پیش کیے لیکن پی ٹی آئی 8 سال سے اس کیس سے بھاگ رہی ہے، پی ٹی آئی نے 8 سال میں ہرطرح کا دباؤ ڈال کرفیصلہ نہ آنے دیا، ہر حربہ استعمال کرکے عمران خان الیکشن کمیشن پر دباؤ بڑھا رہا ہے، ہم نے الیکشن کمیشن سے ملاقات میں درخواست کی کہ پی ٹی آئی فنڈنگ کیس میں فیصلہ دیں۔

شاہد  خاقان کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق سیاسی جماعتیں بیرون ملک سے فنڈنگ نہیں لے سکتیں، امریکا سمیت مختلف ممالک سے وصول پیسوں کا بڑا حصہ پاکستان پہنچایا ہی نہیں گیا، جن اکاؤنٹس کا ریکارڈ ملا ہے وہ اسٹیٹ بینک سے ملا ہے، پارٹی صدر اکاؤنٹ چلاتے ہیں اور پی ٹی آئی کو علم نہیں، فارن ایجنٹ کے طور پر امریکا میں دو کمپنیاں موجود ہیں، ان دو کمپنیوں کے چیئرمین کا نام عمران خان ہے، یہ کمپنیاں امریکا میں فارن ایجنٹ کے طور پر رجسٹرڈ ہیں، ان فارن کمپنیوں نے کن سے اور کتنا پیسا حاصل کیا یہ دیکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 8 سال ہوگئے الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ پرفیصلہ نہیں دے سکا، عمران خان کا 8 سال کا عمل واضح دلیل ہے کہ دوسروں سے پیسے حاصل کرکے سیاست میں استعمال کیے، اب الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ رپورٹ عوام کے سامنے لائے۔

مزیدخبریں