(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے اپنوں کیخلاف ہی محاذ کھول لیا ، چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کے حکم پر سابق وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان سمیت 22 ارکان کو پارٹی سے نکال دیا گیا ۔
تفصیلات کےمطابق سابق وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک کی نئی جماعت پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز میں شمولیت پر کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی نے سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور دیگر 22 ارکان کو پارٹی سے نکال دیا گیا ہے جن میں محمود خان کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا اسمبلی کے سابق ارکان اشتیاق اُرمڑ، اقبال وزیر، یعقوب شیخ اور شفیق آفریدی کے علاوہ ضیاء اللہ بنگش، شوکت علی، احتشام جاوید اکبر، آغاز اکرام اللہ گنڈاپور، ظہور شاکر، ولسن وزیر، سید محمد اشتیاق، سید اقبال میاں، سید غازی غزان جمال، شیر اکبر خان، شاہ فیصل خان، صالح محمد، مفتی عبید اللہ خان، ندیم خیال خان، محمد دیدار، محب اللہ خان، ابراہیم خٹک، احمد حسین شاہ شامل ہیں۔ سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب کے دستخط سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فوجی قوانین میں بڑی تبدیلی، صدر نے بھی دستخط کر دیئے
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے سابق منتخب ارکان اسمبلی کو پارٹی چھوڑنے کیلئے اکسانے اورشوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کرکے انہیں بھی پارٹی سے نکال دیا تھا،بعد ازاں صوبہ خیبر پختونخوا میں نئی جماعت تحریک انصاف پارلیمنٹیرینزکا قیام عمل میں آیا اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کو پارٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا۔
پارٹی اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ جماعت میں سابق وزیراعلیٰ کے پی کے محمودخان، سابق وزرا اوردرجنوں ارکان شامل ہوئے ہیں جبکہ نئی پارٹی میں گزشتہ حکومت سے وابستہ 57 سے زائد اراکین اسمبلی شامل ہیں اور مزید شمولیتوں کا سلسلہ جاری ہے۔