ملک میں مذہب کے نام پر خون خرابے کی کوشش کی جارہی ہے ,خواجہ آصف

Jul 29, 2024 | 13:00:PM

(24نیوز) وفاقی وزیر خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ پاکستان میں مذہب کے نام پر خون خرابے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وفاقی وزرا خواجہ آصف اور احسن اقبال نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس کا اس قسم کے فیصلے یا بیان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، سپریم کورٹ اس معاملے پر واضح بیان دے چکی ہے، کچھ لوگوں کے سیاسی مفادات اس مسئلے سے وابستہ ہیں  اس لیے جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا بدستور جاری ہے۔ 

ان کاکہنا تھا کہ ریاست اس کی اجازت نہیں دے گی ،  آپ کسی کے قتل کے فتوے جاری نہیں کرسکتے، ریاست سوشل میڈیا کے اس پروپیگنڈا کے خلاف ایکشن لے گی، کھلی چھٹی دی گئی تو ریاست کا شیرازہ بکھر جائے گا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سوشل میڈیا پر عوام کو قتل کرنے کی جانب راغب کیا جارہا ہے، انتہا پسندانہ مواد سوشل میڈیا پر لگایا جارہا ہے، ہمارا یمان ہے حضرت محمدؐ  تمام جہانوں کیلئے رحمت بن کر آئے ، یہ رحمت کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا جب تک کائنات قائم ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو کئی سالوں سے ٹارگٹ کیا جارہا ہے، سب کو معلوم ہے کن وجوہات کی بنیاد پر ٹارگٹ کیا جارہا ہے، عدلیہ میں آواز کو خاموش کرنے کی یہ ایک نئی شرارت ہے ۔

 خواجہ آصف نے کہا کہ آپ کا ایمان اعمال سے ظاہر ہونا چاہیے، ایمان کا اظہار ایسے ہونا چاہیے کہ لوگ تقلید کریں، ایمان یہ ڈیمانڈ نہیں کرتا کہ آپ لوگوں کو قتل پر اکسائیں، اسلام محبت، یگانگت کا پیغام ہے، ساری دنیا کو اسلام کا محبت اور ایثار کا چہرہ دکھائیں، نئی نسل کو اسلام کا وہ چہرہ نہ دکھائیں جو دین کو کمزور کرتا ہو۔
 

مزیدخبریں