گوگل ڈوڈل میں موجود خوبصورت چڑیا ہم سے کیا کہنا چاہتی ہے؟

Jul 29, 2024 | 16:53:PM
گوگل ڈوڈل میں موجود خوبصورت چڑیا ہم سے کیا کہنا چاہتی ہے؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حسنین محی الدین)دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والاسرچ انجن گوگل  اپنے صارفین کی سہولت کیلئے آئے روز نت نئے فنکشنز متعارف کرواتا رہتا ہے نہ صرف سہولیات بلکہ گوگل شعبہ ہائے زندگی میں کارنامے سر انجام دینے والے لوگوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بھی کوششیں کرتا نظر آتا ہے ، جس کیلئے وہ ڈوڈل کا بھی استعمال کرتا ہے ۔

آج بھی گوگل نے اپنے صارفین کی توجہ اور انفارمیشن کیلئے  ڈوڈل کا استعمال کیا ہے ، اس ڈوڈل کی بات کریں تو اس میں انتہائی نیلے رنگ کی خوبصورت  چڑیا کلا بازیاں کھاتی نظر آتی ہے، جسے  کھڑکی میں موجود  ایک بلی انتہائی انہماک کیساتھ دیکھ رہی ہوتی ہے جیسے ہی چڑیا اپنا کرتب پورا کرتی ہے بلی ایک کارڈ بلندکرتی ہے جس پر 10 کا ہندسہ لکھا ہے۔

 اس خوبصورت لمحے کو دیکھ کر صارفین کافی محظوظ ہو رہے ہیں اور تجسس میں بھی مبتلا ہیں کہ اس کے پیچھے گوگل کا پیغام کیا ہے ؟تو  اس سوال کا جواب ہم آپ کو دے دیتے ہیں ، جس کیلئے آپ کو  پہلے ڈوڈل کا تاریخی پس منظر جاننا ضروری ہے ۔ 

ڈوڈل کی ابتدا

گوگل نے ڈوڈل کاپہلی باراستعمال 1998 میں کیا تھا اور اب تک 5ہزار سے زائد ڈوڈل پبلش کر چکا ہے ، ڈوڈل کے ابتدا کی کہانی بھی بہت دلچسپ ہے ، دراصل گوگل کے ابتدائی دنوں میں، شریک بانی لیری پیج اور سرجی برن ’نیواڈا ‘میں سالانہ برننگ مین فیسٹیول  میں شرکت کیلئے آفس سے کچھ دنوں کیلئے رخصت کا ارادہ رکھتے تھے لیکن انہیں اپنے اس نئے پراجیکٹ کا بھی خیال تھا کہ ہماری رخصت کے باعث اس سرچ انجن سے جڑے صارفین کو مشکلات پیش نہ آئیں اس لیے انہوں نے اپنے صارفین کو اطلاع دینے کیلئے  برننگ مین فیسٹیول  کا ڈوڈل استعمال کیا اور گوگل ہوم پیج لوگو کے دوسرے "O" کو برننگ مین لوگو سے بدل کر "آفس سے باہر" پیغام کے لیے غیر روایتی انداز اختیار کیا اور یوں پہلی بار گوگل ڈوڈل کا جنم ہوا! 

آج کا ڈوڈل

آج کے ڈوڈل میں نظر آنے والی چڑیا ایک ایتھلیٹ ہے جو جمناسٹک  کا مظاہرہ کر رہی ہے اور اس ڈوڈل کا مقصد پیرس اولپمکس میں ہونے والے آج کے مقابلوں سے متعلق ہے ، گوگل کے آج کے ڈوڈل کو Artistic Gymnastics کا نام دیا ہے ، اس ڈوڈل پر اگر اپ کلک کریں تو یہ آپ کو آج پیرس اولمپکس میں ہونے والے جمناسٹک مقابلوں کا ٹائم ٹیبل بتائے گا۔