گوادر: پر تشدد ہجوم کا سیکیورٹی فورسز پر دھاوا، ایک جوان شہید، 16 پولیس اہلکار زخمی

Jul 29, 2024 | 18:10:PM

(احمد منصور) ضلع گوادر میں نام نہاد بلوچ راجی مچی کے پر تشدد ہجوم نے ڈیوٹی پر تعینات سیکیورٹی فورسز پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں ایک جوان شہید ہو گیا جبکہ ایک افسر سمیت 16 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

پاک آرمی کے ادارہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق نام نہاد بلوچ راجی مچی کے ایک پرتشدد ہجوم نے ضلع گوادر میں ڈیوٹی پر تعینات سیکیورٹی فورسز اہلکاروں پر دھاوا بولا، پرتشدد واقعہ میں 30 سالہ سپاہی شبیر بلوچ شہید ہو گیا، پرتشدد مظاہرین کے حملے میں ایک افسر سمیت 16 پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پرتشدد ہجوم نے بلا اشتعال کارروائیوں کے برعکس سوشل میڈیا پر منفی اور جھوٹا پروپیگنڈا شروع کر دیا، پروپیگنڈا عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا پر جعلی تصاویر اور ویڈیوز کی بھرمار کی جا رہی ہے، غیر قانونی پرتشدد مارچ کے لیے ہمدردیاں بٹورنے کی خاطر پروپیگنڈا عناصر نے سوشل میڈیا پر جعلی تصاویر اور ویڈیوز پھیلا دیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کس کس کو مخصوص نشست دینے جا رہی ہے؟اہم نام سامنے آگئے 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے تعاون سے بلوچستان کے امن اور استحکام کو تباہ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنائیں گی۔

مزیدخبریں