خیبرپختونخوا؛ سکیورٹی فورسز کی 3مختلف کارروائیاں، 5دہشتگرد ہلاک

Jul 29, 2024 | 20:51:PM

(احمد منصور)خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی3 مختلف کارروائیوں میں 5 دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع مہمند میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کیا گیا، آپریشن میں3دہشتگردمارے گئے،ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں خوارجی قاری بھی شامل ہے،کارروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو بھی تباہ کر دیا گیااور  اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران  کے پی  پولیس کے کانسٹیبل ابرار حسین  نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا،شہید پولیس کانسٹیبل ابرار حسین کا تعلق صوابی سے تھا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک دوسرے آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خارجی دہشتگرد صفات اللہ ملا منصور کو جہنم واصل کیا،آپریشن میں تین دہشت گرد زخمی بھی ہوئے،خارجی صفات اللہ 12 دسمبر 2023 کو دربان میں خودکش حملے کے سہولت کاری اور دیگر دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا ۔

آئی ایس پی آرکے مطابق تیسرے آپریشن میں شمالی وزیرستان میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک اور خارجی دہشتگرد کو جہنم واصل کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان ملک سے دہشت گردی کی لعنت کیلئے پرعزم ہیں،افواج پاکستان ملکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے خلاف لڑ رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پرتشددہجوم کا ڈیوٹی پر تعینات فوجیوں پر دھاوا،ایک جوان شہید،افسر سمیت16زخمی

مزیدخبریں