اسلام آباد میں موسلادھار بارش، انتظامیہ ان ایکشن

Jul 29, 2024 | 21:00:PM

(24 نیوز) اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث شہر بھر میں پانی جمع ہونے لگا، انتظامیہ بھی نکاسی آب کو یقینی بنانے اور ٹریفک روانی کو متاثر کیے بغیر فیلڈ میں موجود ہے۔

شہر اقتدار اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس فیلڈ میں موجود ہیں، ضلعی انتظامیہ کی ٹیمز نے مختلف نشیبی علاقوں کا دورہ کیا، ایچ 8، جی 7 سمیت شہر بھر کے مختلف نالوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں مون سون بارشوں کے پیش نظر بنائی ٹیمز فیلڈ میں موجود ہیں، اے سیز اور مجسٹریٹس کی جانب سے نکاسی آب کو یقینی بنایا جا رہا ہے، ٹریفک پولیس کی مدد سے تمام شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے بھی ہدایات جاری کر دی ہیں، انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایت پراسلام آبادپولیس کے افسران کی جانب سے وفاقی دارلحکومت میں بارش کے دوران محتاط ڈرائیونگ اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے فیلڈ میں اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دے رہے ہیں، اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بارش اور سخت موسم کے باوجود شہر کے مختلف مقامات پر تعمیراتی کاموں کے دوران پولیس افسران نے شہریوں کو روڈ سیفٹی اور محتاط ڈرائیونگ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی اور بہترین سفری سہولیات مہیا کرنے کیلئے ہر ممکن مدد بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: بیہوش بھکاری کی جیب سے بھاری رقم برآمد، جان کر آپ بھی دنگ رہ جائیں

شہریوں نے اسلام آباد پولیس کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارلحکومت میں ٹریفک حادثات کی روک تھام اور شہر میں مربوط ٹریفک کے نظام کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمدکریں اور بارشوں کے دوران محتاط انداز میں گاڑی چلاتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کویقینی بنائیں، شہری بارشوں کے دوران پر غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، اگر سفر کرنا ناگزیر ہو تو احتیاطی تدابیر اپنائیں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں خصوصی طور پر لین ڈسپلن برقرار رکھیں اور موقع پر موجود ٹریفک پولیس افسران کی ہدایات پر عمل کریں۔

مزیدخبریں