اونٹ کے منہ میں زیرہ۔۔ بجلی کی قیمت میں 28 پیسے فی یونٹ کی کمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 28 پیسے کمی کی منظوری دے دی، صارفین کو 3 ارب 60 کروڑ کا ریلیف ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے مئی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 12 پیسے سستی کرنے کی درخواست پر سماعت کی، نیپرا نے مہنگے پاور پلانٹس سے پیداوار پر سوال اٹھاتے ہوئے این پی سی سی حکام سے استفسار کیا کہ مئی میں فرنس آئل اور ڈیزل سے بحلی پیدا کیوں کی؟ جس پر این پی سی سی حکام نے جواب دیا کہ ایل این جی کی کم دستیابی کے باعث ایسا کرنا پڑا، مئی میں یومیہ 140 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی کا سامنا رہا۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ناقص سسٹم اور سستے پلانٹس کو استعداد سے کم چلانے سے بھی پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا، سسٹم میں نقائص کو دور کرنا این ٹی ڈی سی کی ذمہ داری ہے، آپ کی وجہ سے پورا پاکستان کیوں متاثر ہو؟۔
ذرائع کے مطابق نیپرا نے بجلی کی قیمت میں28 پیسے کمی کی منظوری دے دی جس سے صارفین کو آئندہ ماہ کے بلز میں تین ارب ساٹھ کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا، اس فیصلے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔
بجلی کے ترسیلی نظام میں خرابیوں پر چیئرمین نیپرا نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاورپلانٹس لگاتے وقت این ٹی ڈی سی سویا ہواتھا، این ٹی ڈی سی نے جب حکومت پاورپلانٹس لگارہی تھی تو اس وقت ترسیلی نظام کی طرف توجہ کیوں نہیں دلائی، جتنے پیسے مہنگے پلانٹس چلانے پر لگائے گئے اس سے کہیں کم رقم سے سسٹم کی خرابیاں دورہوجاتیں۔
یہ بھی پڑھیں:سرکاری تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان