شوہر کی عمر کتنی ۔۔ہنی مون سے واپسی پر کیا کرنے والی ہیں۔۔حریم شا ہ کے تہلکہ خیز انکشافات

Jun 29, 2021 | 22:23:PM

(ما نیٹرنگ ڈیسک) ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے اپنے ہونے والے شوہر کی شناخت سے متعلق مزید تفصیلات بتائی ہیں، تاہم اس کے باوجود انہوں نے ان کا نام خفیہ رکھا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  حریم شاہ نے اعلان کیا ہےکہ وہ آئندہ ہفتے 4 جولائی کو ہنی مون کے لیے ترکی جا رہے ہیں اور وہاں سے واپسی پر ولیمے کی تقریب منعقد کریں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حریم شاہ نے کہا کہ وہ اپنے دولہے میاں کی شناخت کو خفیہ رکھنے پر مجبور ہیں، کیوں کہ ان کے شوہر نے ان سے دوسری شادی کی ہے اور انہوں نے پہلی بیوی سے اجازت نہیں مانگی۔ ان کے شوہر نے انہیں بتایا ہے کہ وہ ایک ہفتے میں پہلی بیوی کو منالیں گے، جس کے بعد ہی وہ اپنے شوہر کی تفصیلات اور شادی کی ویڈیوز و تصاویر بھی جاری کریں گی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ کھلے ذہن کی مالک ہیں اور وہ کوئی بھی چیز خفیہ رکھنے کے حق میں نہیں ہیں، انہوں نے نکاح کیا ہے، کوئی چوری نہیں کی مگر وہ شوہر کی جانب سے پہلی بیوی سے اجازت نہ لینے کی وجہ سے اپنے جیون ساتھی کی شناخت چھپانے پر مجبور ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر عمر میں ان سے کافی بڑے ہیں اور وہ نہ صرف رکن اسمبلی ہیں بلکہ صوبائی وزیر اور متحرک سیاستدان بھی ہیں، وہ عوام کے لیے بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

حریم شاہ نے اپنے شوہر کی وزارت اور انتخابی حلقے کی تفصیلات سمیت ان کا آبائی ضلع یا علاقہ بتانے سے بھی گریز کیا، تاہم بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں مقیم ہیں۔

حریم شاہ کے مطابق ان کی صوبائی وزیر سے شادی سے متعلق پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو علم نہیں ہوگا، تاہم ان کے قریبی دوستوں اور پارٹی رہنماؤں کو علم ہے۔ شادی میں پیپلز پارٹی کی ایک خاتون سینیٹر نے بھی شرکت کی تھی اور وہ بھی ان کے شوہر کی قریبی دوستوں میں سے ایک ہیں۔

حریم شاہ نے بتا یا کہ  جہاں تک انہیں معلومات ہیں  شادی کی خبر بلاول بھٹو زرداری کو نہیں  اور نہ ہی شادی کی خبر ان کے شوہر کی پہلی بیوی کو ہے مگر ان کے جیون ساتھی ایک ہفتے میں پہلی بیوی کو راضی کرلیں گے جس کے بعد وہ تمام معلومات عام کردیں گی۔حریم شاہ کا کہنا تھا کہ وہ شوہر کے ساتھ 4 جولائی کو ترکی جائیں گے، جہاں سے واپسی پر وہ کراچی میں ہی ولیمے کی تقریب رکھیں گی۔

یہ بھی یاد رہے کہ حریم شاہ نے ایک دن قبل ہی دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے پچھلے ہفتے ہی پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی و صوبائی وزیر سے شادی کرلی، تاہم انہوں نے شوہر کی شناخت خفیہ رکھی تھی۔حریم شاہ کے دعوے کے بعد سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کے مختلف رہنماؤں کے ساتھ ان کی تصاویر شیئر کرکے انہیں ان کے شوہر کے طور پر پیش کیا گیا، جس کے بعد پی پی رہنماؤں نے تردیدیں کرنا شروع کیں۔

یہ بھی پڑھیں:حریم شا ہ کی حسن اقبال کو دھمکیاں

مزیدخبریں