(24نیوز) ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے، نماز عید کی ادائیگی کے بعد فرزندان اسلام سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور قربان کر رہے ہیں۔
ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید کی نماز کے اجتماعات منعقد کئے گئے، نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عید کی نماز اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کی، قائم مقام صدر و چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں نماز عید ادا کی۔
گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے گورنر ہاؤس میں نماز عید ادا کی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے ایبٹ آباد میں نماز عید ادا کی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے منصورہ میں نماز عید پڑھائی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے جناح گراؤنڈ (پولو گراؤنڈ) میں عید کی نماز ادا کی۔
اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ہونے والے نماز عید کے اجتماع میں وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ ، سفارتکاروں اور شہریوں نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں: عید کے روز موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات نے اہم پشگوئی کردی
چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود نے صاحبزادے میاں حمزہ محمود اور سیف الرحمان کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن سنٹرل پارک میں عید کی نماز ادا کی۔
نمازِ عید کے اجتماعات کے دوران سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی نفری بھی تعینات تھی۔
لاہور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں فرزندان توحید سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی بھی کر رہے ہیں جس کا سلسلہ عید کے تیسرے روز تک جاری رہے گا۔