سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی میں قربانی کا سلسلہ جاری، قائم مقام صدر کا خصوصی پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) اعلیٰ اسلام کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی عیدالاضحیٰ دینی اخلاص و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ ملک بھر میں سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی میں جانور اللہ کی راہ میں قربان کیے جا رہے ہیں۔
آج 10 ذی الحج 1444 ہجری کو پاکستان دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی بہتری، ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ جہاں علماءِ کرام نے عید کے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے ہزاروں روح پرور اجتماعات منعقد کیے گئے۔
نماز عید کے بعد پاکستان بھر میں شہری حسب استطاعت سنت ابراہیمیؑ کی پیروی میں اپنے جانور اللہ کی راہ میں قربان کررہے ہیں۔
دوسری جانب قائم مقام صدر کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ آج کے دن ہمیں شہداء وطن کو بھی یاد رکھنا ہے۔
قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی نے عیدالاضحیٰ کے بابرکت اور پرمسرت موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الا ضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضر ت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی شاندار مثال اور یادگار ہے جس نے اطاعت اور قربانی کی ایک ایسی لازوال راویت قائم کی جس کی پیروی تاقیامت جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ قربانی کا یہ جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے، دنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی ہے جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو۔
اپنے پیغام میں قائم قام صدرنے کہا کہ ہمیں اپنے تمام تر مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم اور آرمی چیف نے پارا چنار میں فوجی جوانوں کے ساتھ عید منائی
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی تمام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں، یہ ملک لازوال قربانیوں اور بے پناہ صبر و تحمل و استحکام کے نتیجہ میں وجود میں آیا، ہم سب کو مل کر اس کی ترقی وخوشحالی کیلئے یکجان ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا آج کے دن ہمیں وطن کے ان معماروں، شہدا اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی اور سربلندی جیسے عظیم مقصد کے لیے اپنی جانیں تک قربان کر دیں۔ میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ وہ ہمیں عید الا ضحیٰ کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور ہماری قربانی کو شرف قبولیت بخشے اور ہمیں اِس عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔