(ویب ڈیسک) پاک افغان سرحدی علاقے چمن میں موجود سب جیل سے نمازِ عید کے دوران سنگین مقدمات میں مطلوب 17 قیدی فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سب جیل چمن میں قیدی نماز عید کیلئے نکالنے کے دوران فرار ہوئے۔ بیرک نمبر 4 سے نکالے جانے والے قیدیوں نے پولیس اہلکار سے اسلحہ چھین لیا۔ فرار ہونے کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی جس سے ڈپٹی جیلر سمیت 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔
جیل ذرائع کے مطابق حملے کے بعد مجموعی طور پر تقریباً 15 قیدی فرار ہوئے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے فرار ہونے والا ایک قیدی مارا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے قیدی سنگین مقدمات میں گرفتار کیے گئے تھے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
مزید پڑھین: اسلام آباد اور راولپنڈی میں زلزلے کے شدید جھٹکے
پولیس حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ افغان سرحد سے صرف تقریباً تین کلومیٹر دور چمن کے مصروف علاقے تاج روڈ پر یہ سب جیل واقع ہے۔ یہاں عدالتوں میں پیش کیے جانے والے انڈر ٹرائل قیدیوں کو عارضی طور پر رکھا جاتا ہے۔