(24 نیوز) صوبائی وزراء عظمیٰ بخاری اور بلال یاسین نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات نظر آ رہے ہیں، اپوزیشن بس کردے ،ملک کو آگے بڑھنے دے۔
لاہور میں صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کر تےہوئے کہا ہے کہ حکومت کا کام مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہے، مریم نواز کی طرز حکومت سے نہیں لگتا کہ ان کی پہلی حکومت ہے، وزیر اعلیٰ نے ہلڑ بازی کے باوجود اسمبلی میں طویل ترین تقریر کی,انہوں نے کہا ہے کہ مریم نواز کے تمام پراجیکٹ زمین پر نظر آتے ہیں، روٹی کی قیمت میں کمی کے ساتھ اس پر عمل درآمد بھی کروایا، وزیر خوراک کو جب بھی کوئی ٹاسک دیا گیا انہوں نے اسے مکمل کیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہاکہ پنجاب میں روٹی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، تمام حکومتی مشینری مریم نواز کے ساتھ کام کر رہی ہے، اب غریب عوام 100 سے 150 روپے میں باآسانی سبزی خرید سکتی ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 50فیصد آٹا سستا کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات نظر آ رہے ہیں، روٹی کی قیمتوں میں کمی کا اپوزیشن مذاق اڑایا کرتی تھی، روٹی 20 روپے کی ملتی تھی اور آج 14 روپے سے کم میں مل رہی ہے، فوڈ ڈیپارٹمنٹ میں 100 دنوں میں 50 فیصد بہتری ہوئی,انہوں نے کہا کہ پھلوں میں مضر صحت کیمیکلز کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے،اپوزیشن اب بس کر ے، پاکستان کو آگے بڑھنے دے۔