لاہور سمیت مختلف شہروں میں تیز ہوائیں بارش اور ژالہ باری، موسم خوشگوار

Jun 29, 2024 | 18:11:PM
لاہور سمیت مختلف شہروں میں تیز ہوائیں بارش اور ژالہ باری، موسم خوشگوار
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی رامے، اشتیاق ربانی) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی سے مرجھائے چہروں پر مسکراہٹیں لوٹ آئیں۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے باغبان پورہ، فرخ آباد ، لکشمی چوک، علامہ اقبال ٹاون، نابھہ روڈ، اقبال ٹاؤن،مون مارکیٹ،برکت مارکیٹ،فیروز پور روڈ، چوبرجی، انارکلی، مزنگ، شاہ عالم، مصری شاہ، دھرم پورہ سمیت دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، بارش کے ساتھ  تیز ہوائیں چلنے لگیں، بارش اور تیز ہواؤں سے  موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔

کمشنر لاہور زید بن مقصود اور ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق  نے واسا لاہور کو متحرک رہنے کی ہدایات جاری کر دیں، ایم ڈی واسا غفران احمد کا کہنا ہے کہ تمام سٹاف و مشینری مکمل الرٹ رہیں، تمام انڈر پاسز کو کلیئر رکھیں تا کہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو، تمام ڈسپوزل سٹیشنز کی سکرینوں کو مکمل صاف رکھا جائے۔

کمشنر لاہور زید بن مقصود نے ہدایات جاری کی ہیں کہ نکاسی آب کیلئے تمام مشینری فعال اور ڈسپوزل سٹیشنز پر بیک اپ کو یقینی رکھا جائے، نشیبی علاقوں اور مین روڈ ز سے منسلک ایریا میں ایمرجنسی ٹیمیں موجود رہیں،  انڈرپاسز کو چیک اور نکاسی آب آپریشن نگرانی کیلئے اے سیز کریں گے، واسا، ایل ڈی اے، ایم سی ایل، سی بی ڈی کی خصوصی ٹیمیں اپنے اپنے ایریاز میں متحرک رہیں، انڈرپاسز میں نکاسی آب کیلئے مشینری فعال رکھی جائے، نشیبی علاقوں اور سورنگ پوائنٹس پر ایمرجنسی ٹیمیں ردعمل دینے کیلئے تیار رہیں، تمام ڈسپوزل سٹیشنز کو پوری گنجائش سے فعال رکھا جائے، اے سیز اپنی تحصیلوں سے نکاسی آب کے ذمہ دار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: رہائش کے اعتبار سے دنیا کے بہترین شہر ،پاکستان میں کونسی جگہ سب سے بہتر ہے؟

علاوہ ازیں سیالکوٹ میں  تیز آندھی کے بعد بارش کا سلسلہ جاری ہوا، بارش کے باعث شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا، حافظ آباد شہر اور گردونواح میں بھی ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، کالی گھٹاؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار تو ہوا لیکن علاقے کی بجلی غائب ہو گئی، شکرگڑھ، کرتار پور،نورکوٹ، اخلاص پور، کوٹ نیناں اور گردونواح میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، بارش سے گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے، شکرگڑھ میں بھی گیپکو ڈویژن کے متعدد فیڈر ٹریپ کر گے جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوئی گئی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے موسلادار  بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے اور آئندہ کچھ روز تک وقفے وقفے سے بارشوں کاسلسلہ جاری رہےگا۔